پنجاب

ورکنگ باؤنڈری پربھارتی اشتعال انگیزی؛ شہید افراد کی تعداد 6 ہوگئی

راولپنڈی: ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی سے 4 خواتین سمیت 6 افراد شہید جب کہ 26 زخمی ہوگئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے مستقل سیزفائرکی خلاف ورزیاں جاری ہیں اوربھارتی فوج نے ورکنگ باؤنڈری پر چارواہ اورہرپال سیکٹرمیں شہری آبادی کونشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارتی اشتعال انگیزفائرنگ سے 4 خواتین سمیت 6 شہری شہید جب کہ 15 خواتین اور پانچ بچوں سمیت 26 شہری زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں گاؤں کنڈن پورکا اشرف ولد مسعود، گاؤں بھینی سلیریاں کی مریم دختر اشفاق اورگاؤں گندیال کی شازیہ زوجہ احمد جب کہ چارواہ کے وسیم ولد انور، شکیلہ زوجہ ندیم اور نفیسہ دختر محمود بھی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آرکے مطابق پنجاب رینجرز کی جانب سے بھارتی فوج کی فائرنگ کا موثر جواب دیا گیا اور جوابی کارروائی میں بھارت چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈی جی پنجاب رینجرز میجر جنرل اظہر نوید حیات نے ہرپال اور چارواہ سیکٹرز کا دورہ کیا۔ ڈی جی رینجرز نے ورکنگ باؤنڈری پر تعینات اہلکاروں اور بھارتی فائرنگ سے متاثرہ خاندانوں سے بھی ملاقات کی ۔ انہوں نے جوانوں کی جانب سے بھاعرتی اشتعال انگیزی کا موثر جواب دینے کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فائرنگ کا ہمیشہ مؤثر جواب دیا اور آئندہ بھی دیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزبھی ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 4 پاکستانی شہری شہید ہو گئے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close