پنجاب

پاکستان نے گرفتار بھارتی خاندان کو خیرسگالی کے طورپررہا کردیا

لاہور:  ایک سال قبل گرفتار کیے گئے بھارتی خاندان کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا۔

پاکستانی حکام نے اترپردیش بھارت کے رہائشی نفیس احمد، ان کی اہلیہ آمنہ احمد اور بیٹے کلیم کو رہائی کے بعد بھارتی حکام کے حوالے کیا۔ تینوں بھارتی شہریوں کو گزشتہ سال 21 جولائی کو واہگہ بارڈر پر کسٹم حکام نے گرفتار کیا تھا۔

اترپردیش سے تعلق رکھنے والا یہ خاندان گزشتہ سال اپنے رشتہ داروں سے ملنے پاکستان آیا تھا، پاکستان میں ایک ماہ قیام کے بعد جب یہ فیملی واپس انڈیا جارہی تھی تو دوران چیکنگ ان کے سامان سے ایک پستول برآمد ہوا تھا جس پر کسٹم حکام نے انہیں گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کردیا تھا۔
مقامی عدالت سے سزا کے بعد انہیں لاہور کی کوٹ لکھپت جیل بھیج دیا گیا جہاں سے انہیں جمعہ کے روز رہائی مل گئی، رہائی پربھارتی فیملی نے پاکستان حکام کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری طرف بھارت نے پانچ کشمیری شہریوں کو بھی رہا کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کشمیری شہری 2018 میں مظفرآباد اورسری نگر کے مابین چلنے والی دوستی بس کے ذریعے مقبوضہ کشمیر گئے تھے۔

اس دوران پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے باعث دوستی بس سروس معطل کردی گئی اور پھر اس کے بعد کورونا وبا کی وجہ سے بارڈر بند ہوگئے جس کی وجہ سے ان کشمیریوں کے ویزوں کی میعاد ختم ہوگئی تھی اور بھارتی حکام نے انہیں گرفتار کرکے مقبوضہ جموں کی سینٹرل جیل بھیج دیا تھا جہاں سے اب انہیں رہائی نصیب ہوئی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close