پنجاب

میری نااہلی کے فیصلے کے بعد ملک میں انتشار پھیلا، نواز شریف

چکوال: سابق اور نااہل وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مجھے نااہل کرنے کے فیصلے کے بعد ملک میں انتشار پیدا ہو رہا ہے۔ چکوال میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے خطاب کے دوران نواز شریف کا کہنا تھا کہ 2013ء تک ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا گیا تھا، عوام ان چہروں کو یاد رکھیں جب ڈکٹیٹر اور جمہوریت کا راگ الاپنے والوں نے پاکستان کے عوام پر لوڈ شیڈنگ کا عذاب مسلط کر رکھا تھا، وہ لوگ اب کہاں ہیں۔ میرے خاندان کو 7 سال تک باہر رکھا گیا، والد کا انتقال ہوا، تو ہمیں آنے نہ دیا میں یہ تمام زخم نہیں بھول سکتا لیکن قوم کی ترقی کے لئے سب بھولنا پڑتا ہے۔ بہت ظلم سہے لیکن جب موقع ملا عوام کی خلوص کے ساتھ خدمت کی۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھے نااہل کرنے کے فیصلے کے بعد انتشار پیدا ہو رہا ہے، اگر آج دہشت گردی پھر سر اٹھا رہی ہے تو شاہد خاقان عباسی سے نہیں بلکہ 28 جولائی کو فیصلہ کرنے والوں سے پوچھا جائے۔ عوام جاننا چاہتی ہے نوازشریف نے کون سے 10 روپے چوری کیے۔ مجھ پر ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام نہیں، اتنے مہینے ہو گئے، یہ نہیں پتا چل سکا کہ مجھ پر الزام کیا ہے۔ اگر نواز شریف نے کرپشن کی ہوتی تو آپ نکالتے ہوئے بھی اچھے لگتے لیکن آپ نے اقامے پر وزیراعظم کو نکال دیا اور کہا کہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی ،خیالی تنخوا ہ پر نکال رہے ہیں۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ عوام ووٹ دے کر وزیراعظم منتخب کرتے ہیں اور 5 آدمی اسے نکال دیتے ہیں یہ کہاں کا انصاف ہے، کیا عوام کے ووٹ کا یہی تقدس اور اہمیت ہے کہ کوئی بھی اپنی مرضی سے ووٹ پھاڑ کر پھینک دے، یہ ناانصافی نہیں چلے گی اب عوام کو سامنے آنا ہوگا اور فیصلہ کرنا ہوگا کہ یہ ملک کیسے چلانا ہے اور پوچھنا ہوگا کہ نوازشریف کو کیوں نااہل کیا گیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close