پنجاب

نااہل وزیراعظم کی پروٹوکول گاڑی نے 12 سالہ بچے کو کچل ڈالا

گجرات: سابق اور نااہل وزیراعظم نوازشریف کی ریلی میں ایلیٹ فورس کی گاڑی کی ٹکر سے 12 سالہ لڑکا حامد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ہے۔ گجرات میں داخلے کے وقت نواز شریف کے قافلے میں شامل ایلیٹ فورس کی ایک تیز رفتار گاڑی نے نوجوان کو کچل دیا، جس سے وہ تڑپ تڑپ کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ سابق وزیراعظم کے سکیورٹی سکواڈ میں شامل کسی گاڑی نے رک کر نوجوان کا حال پوچھنے کی بھی زحمت گوارا نہیں کی۔ نوجوان کی شناخت حامد کے نام سے ہوئی ہے اور وہ گجرات کی تحصیل لالہ موسیٰ کے محلہ رحمت آباد کا رہائشی تھا۔ جاں بحق ہونے والے 12 سالہ لڑکے کے چچا کا کہنا ہے کہ وہ منتیں کرتا رہا مگر کوئی گاڑی نہیں رکی اور نہ ہی قافلے میں شامل ایمبولینس رکی۔ دوسری جانب وزیر پنجاب قانون راناثناءاللہ نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچہ سکواڈ میں شامل گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق نہیں ہوا۔

رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ کچھ لوگ اس خبر کو منفی رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں، واقعے کی مکمل انکوائری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے قافلے کی رفتار انتہائی کم تھی اور سکواڈ کی گاڑیاں بھی رش کی وجہ سے بہت آہستہ سفر طے کر رہی ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سابق وزیراعظم کی ریلی میں جہاں مسلم لیگ (ن) کے وزراء، عہدیدار اور کارکنان شامل ہیں وہیں اس ریلی میں ایمبولینس اور ڈاکٹرز بھی موجود ہے جو نواز شریف کی صحت سے متعلق معاملات کو دیکھ رہے ہیں۔ تاہم زخمی بچے کیلئے کسی نے رکنے کی زحمت نہ کی۔ میڈیا پر جاری فوٹیج میں باآسانی دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکے کے چچا کی چیخ و پکار پر اہل علاقہ نے بچے کو زخمی حالت میں اٹھایا تاہم خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے وہ جانبر نہیں ہوسکا۔ دوسری جانب عابد شیر علی نے اس بچے کو جمہوریت کا پہلا شہید قرار دیا ہے، تاہم بچے کے قاتلوں سے متعلق ان کی زبان کا قفل بھی کھل نہ سکا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close