پنجاب

انتخابات میں عدلیہ کا اہم کردار ہوگا، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نیب فیصلے کا وقت قریب آتے ہی حکمرانوں کی بوکھلاہٹ بڑھ رہی ہے جبکہ آخری ماہ میں گلیاں نالیاں پکی کرکے اگلے 5 سال پکے کرنے کا موسم آگیا ہے۔لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ انتخابات میں عدلیہ کا اہم کردار ہوگا، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اب چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے جتنی چاہیں ملاقاتیں کرلیں لیکن کوئی فائدہ نہیں، شریف اقتدار میں ہوں تو ان سے بڑا ظالم کوئی نہیں ہوتا جبکہ مشکل میں پڑنے پر ان سے بڑا گیدڑ کوئی نہیں ہوتا، ہر فرعون کے جانے کا وقت ہوتا ہے، اب بڑے اور چھوٹے دونوں فرعونوں کے جانے کا وقت آگیا ہے، الیکشن میں کسی سے اتحاد نہیں کریں گے اور طاقتور امیدوار لائیں گے جبکہ سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف اتحاد بنائیں گے۔علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ خبردار ہوشیار اقتدار کے آخری 4 ماہ میں گلیاں اور نالیاں پکی کرکے آئندہ 5 سال پکے کرنے کا موسم آگیا ہے، شریفوں کا ترقیاتی کاموں کا انداز بھی یہی ہے۔ عمران خان نے ایک تحریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تحریر واضح کرتی ہے کہ پنجاب کے ہر محکمے میں پھیلی بدعنوانی کی قیمت زیادہ نرخوں کی صورت میں عوام سے کیسے وصول کی جاتی ہے ۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کارٹون بھی ٹویٹ کیا۔بعدازاں تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے عمران خان سے ملاقات کی جس میں مختلف سیاسی امور پر بات چیت کی گئی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے نیب کے فیصلے کا وقت آرہا ہے حکمرانوں کی بوکھلاہٹ بڑھتی جارہی ہے اور فیصلے سے قبل حکمرانوں نے اداروں کے خلاف محاذ آرائی تیز کردی ہے لیکن عوام اداروں کے خلاف حکمرانوں کی جنگ برداشت نہیں کرے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close