پنجاب

عمران خان چند روز میں خود این آر او مانگتے پھریں گے، مریم نواز شریف

نارووال: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کوئی حیثیت نہیں کہ وہ کسی کو ‘این آر او’ دیں جبکہ چند روز میں وہ خود این آر او مانگتے پھریں گے۔

پنجاب کے ضلع نارووال کی تحصیل ظفروال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ‘2018 میں نواز شریف کا جیتا ہوا الیکشن چوری کیا گیا، نواز شریف کے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا، ان کے دور میں سڑکوں کے جال بچھائے جارہے تھے لیکن جس دن نواز شریف کو ہٹایا گیا اسی دن ملک کی تباہی شروع ہوئی۔’

انہوں نے کہا کہ ‘بجٹ میں عوام پر قیامت برپا کردی گئی، بجٹ کے بعد ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے، چور دروازے سے آنے والوں کو عوام کا کوئی احساس نہیں، 9 ماہ کی حکومت نے قرض لینے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، ملک میں ریڑھی بان سمیت کوئی بھی خوش نہیں اور کوئی بھی طبقہ سکون کی زندگی نہیں گزار رہا جبکہ غریبوں کے گھر مسمار کیے جارہے ہیں۔’

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو نالائق اعظم قرار دیدیا

ان کا کہنا تھا کہ ‘نواز شریف کو دعائیں دیں جس نے ملک میں امن قائم کیا لیکن ایک لاڈلے کی خاطر آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں، عوام کے لیے الگ اور لاڈلے کے لیے الگ قانون ہے جبکہ نیب کو شہباز شریف، حمزہ شہباز اور شاہد خاقان نظر آتے ہیں وزرا نہیں۔’

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ‘وزیر اعظم سرکاری خرچ پر گھر والوں کو غیر ملکی دورے کرا رہے ہیں جبکہ 300 کنال کے گھر میں رہنے والا ایک لاکھ روپے ٹیکس دیتا ہے۔’

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا مقدمہ بنایا گیا لیکن ایک پائی کی کرپشن بھی ثابت نہیں کی جاسکی، جبکہ پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی سزا بھگت رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمیشہ چھپ کر وار کرتے ہیں، آپ ڈرپوک اعظم ہیں اور آپ کی کسی کو ‘این آر او’ دینے کی کوئی حیثیت نہیں جبکہ چند روز میں آپ خود این آر او مانگتے پھریں گے۔

نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ‘نواز شریف چاہتے تو ایک نہیں سو این آر او ان کی جھولی میں پھینک دیئے جاتے لیکن وہ آج بھی جیل میں ڈٹ کر کھڑے ہیں۔’

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close