پنجاب

پنجاب میں نیب کی کارروائی روکنےکےلیے حکومت کی کوششیں

نیب محض توازن کے لیے پنجاب میں کارروائی نہیں کر سکتا.رانا ثنا اللہ

وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے کہا تھا کہ نیب کی جانب سے ناجائز مقدمات میں لوگوں کو پکڑنا درست قدم نہیں

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیرِ قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو کو محض ملک کے دوسرے صوبوں میں ہونے والے ایکشن کے حوالے سے توازن پیدا کرنے کے لیے پنجاب میں کارروائیاں نہیں کرنے دی جائیں گی۔

بدھ کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرِ قانون کا کہنا تھا کہ نیب ایک قومی ادارہ ہے جسے ذمے داری سے اپنا کام کرنا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ 90 دن تک لوگوں کو حراست میں رکھ کر اگر یہ کہا جائے کہ ان کے خلاف ثبوت نہیں ملے تو یہ مناسب نہیں۔

’نیب کا قانون کہتا ہے کہ لوگوں کو حراست میں لینے سے پہلے مناسب تحقیق کرنا ضروری ہے۔ ابتدائی انکوائری مکمل کرنے کے بعد ہی نیب کو مقدمات درج کروانے چاہییں۔‘

انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے حالیہ دور حکومت میں کرپشن کا کوئی سیکنڈل سامنے نہیں آیا اور تمام منصوبے شفاف انداز میں مکمل کیے جا رہے ہیں۔

’ان کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ کسی کے خلاف بھی انتقامی کاروائی نہیں ہونی چاہیے۔ اگر وزیراعظم کسی ادارے کو اپنی کارگردگی بہتر بنانے کے لیے نہیں کہیں گے تو کون یہ فرض ادا کرے گا۔ وزیراعظم نے جو کہا وہ نیب کی بہتری کے لیے کہا ہے۔‘

وزیراعظم نے گذشتہ روز بہاولپور میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نیب پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ نیب کی جانب سے غلط مقدمات میں لوگوں کو ملوث کرنا، ان کی عزتیں اچھالنا، انھیں پکڑنا اور کام نہ کرنے دینا مناسب نہیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نیب پنجاب میں جتنا متحرک ہو اسے خوش آمدید کہیں گے۔

’پہلے میٹرو اور اب اورنج لائن پر بہت تنقید ہورہی ہے۔ نندی پور پاور پراجیکٹ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا جاتا رہا ہے لیکن پنجاب کے کسی منصوبے میں ایک پائی کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہوئی۔ اگر منصوبے میں انجینئرنگ کی خامیاں ہیں تو یہ شہباز شریف کا قصور نہیں۔‘

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اپوزیشن کی جماعت ہے اور اسے حکومت پر تنقید کا پورا حق ہے اس کا برا نہیں منانا چاہیے۔

’پیپلزپارٹی کے اپنے دورحکومت میں بھی ان کے خلاف کرپشن کے الزامات لگتے رہے ہیں۔ ماضی کی حکومتوں کی بدعنوانیوں کو مسلم لیگ ن سامنے نہیں لائی۔‘

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close