پنجاب

ایکسائز کمپیوٹر سسٹم میں معطل کی جانے والی گاڑیوں سے ٹوکن ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ

لاہور: سیکرٹری ایکسائز پنجاب وقاص علی محمود اور ڈائریکٹر جنرل صالحہ سعید کی زیر صدارت منعقد ہونے والی ڈائریکٹرز کانفرنس میں پراپرٹی ٹیکس اور گاڑیوں کے پرکشش نمبرز کی آن لائن نیلامی اور ٹوکن ٹیکس وصولی کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے

اس وقت ای آکشن میں حصہ لینے والے شخص کو من پسند نمبر کیلئے مقرر کردہ سرکاری ریزرو قیمت کے مطابق رقم بینک سے پے آرڈر کی صورت میں بنوا کر ایکسائز افسر کو جمع کروا کر اجازت لینا ہوتی ہے جب کہ نیلامی کا مجموعی دورانیہ بھی طویل ہے، پرکشش نمبر کی آن لائن نیلامی میں حصہ لینے کیلئے رجسٹریشن کی خاطر 3 دن مقرر ہوتے ہیں جس کے بعد آئندہ 3 دن ریزرو قیمت جمع کروانے کے لئے مقرر ہوتے ہیں جس کے دوران ایکسائز افسر سے تحریری اجازت بھی لینا ہوتی ہے اس کے بعد 3 دن تک پرکشش نمبر کی آن لائن نیلامی جاری رہتی ہے۔

اس طویل اور پیچیدہ طریقہ کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا تھا جس کے پیش نظر محکمہ ایکسائز نے ای آکشن سسٹم میں تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پرکشش نمبر کی آن لائن نیلامی میں حصہ لینے کیلئے”ای پے“ ایپلی کیشن کے ذریعے ریزرو پرائس جمع کروائی جا سکے گی اور اب کسی ایکسائز افسر سے تحریری منظوری کی درکار نہیں ہو گی۔

پرکشش نمبر کی آن لائن نیلامی کا دورانیہ تین دن سے کم کر کے ایک دن کردیا گیا ہے اور صبح 8 تاشام 9 بجے تک نمبر کے حصول کیلئے بڈ دی جا سکے گی۔

یہ بھی پڑ ھیں : ایف بی آر کا 169 بڑے ٹیکس چوروں اور نان فائلزز کے خلاف کریک ڈاون

اس وقت موجود نظام میں آن لائن آکشن کا وقت ختم ہونے کے آخری منٹ میں منظم انداز میں بولی دے کر دوسروں کو آؤٹ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

محکمہ ایکسائز نے فیصلہ کیا ہے کہ رات 9 بجے بڈنگ ختم ہونے کے بعد دوسرے نمبر پر زیادہ بولی دینے والے شخص کو ایک منٹ دیا جائے گا کہ وہ بڑھا کر بولی دے سکتا ہے۔

یہ اہم فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ ایکسائز کمپیوٹر سسٹم میں معطل کی جانے والی گاڑیوں سے ٹوکن ٹیکس وصول کیا جائے گا تاہم گاڑی کی ملکیت تبدیلی اس وقت تک ممکن نہیں ہو گی جب تک معطلی ختم نہیں ہو جاتی۔

اس وقت پنجاب بھر میں ایک لاکھ 60 ہزار سے زیادہ گاڑیوں کی رجسٹریشن ایکسائز سسٹم میں معطل ہے جن سے ٹوکن ٹیکس بھی وصول نہیں کیا جاتا ،محکمے کا تخمینہ ہے کہ معطل گاڑیوں سے ٹوکن ٹیکس کی مد میں 20 کروڑ روپے کا ریونیو حاصل ہوگا۔

پنجاب میں پراپرٹی ٹیکس سروے کیلئے محکمہ ایکسائز نے محکمہ خزانہ کو طویل عرصہ سے یہ درخواست کر رکھی ہے کہ یہ سروے تھرڈ پارٹی کے ذریعے کروایا جائے لیکن مالی مشکلات کے سبب محکمہ خزانہ نے اس تجویز بارے کوئی حتمی جواب نہیں دیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close