پنجاب

لاہور، یوم علی کا مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد ہوگا، 7 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہوں گے

لاہور: ملک بھر میں امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کا یوم شہادت 21 رمضان المبارک کو انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائیگا۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مساجد اور امام بارگاہوں میں مجالس منعقد ہونگی جن میں حضرت علیؑ کی حیات مبارکہ پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی۔ لاہور میں مبارک حویلی موچی دروازے سے صبح مرکزی جلوس برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں اندرون موچی دروازہ، محلہ شیعاں سے ہوتا ہوا چوہٹہ مفتی باقر اور کوتوالی چوک پہنچے گا جہاں جلوس کے شرکا نماز ظہرین ادا کریں گے۔ نماز کے بعد مرکزی جلوس رنگ محل، پانی والا تالاب، ٹبی سٹی، بازار حکیماں سے ہوتا ہوا بھاٹی چوک پہنچے گا اور شام 6 بجے کے قریب کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کے راستوں پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں کیساتھ ساتھ وحدت سکاو ٹس، حیدری سکاؤٹس اور حسینی رضاکار موجود ہونگے۔ کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، میڈیکل اور ایمبولینس کے بندوبست کیلئے مختلف کنٹرول روم قائم کر دئیے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ روٹ کی فضائی نگرانی کی جائے گی۔ راستوں پر 7 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔ شرکا کی تلاشی کیلئے میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھروگیٹس کی مدد لی جائے گی۔ سی ٹی او رائے اعجاز کا کہنا ہے یوم شہادت علیؑ کے مرکزی جلوس کے روٹ پر 1 ایس پی، 4 ڈی ایس پیز، 42 انسپکٹرز، 111 لیڈی ٹریفک وارڈنز اور 1 ہزار سے زائد ٹریفک وارڈنز فرائض سر انجام دیں گے۔ مرکزی جلوس کے چاروں اطراف کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا جائے گا۔ جلوس میں صرف پیدل داخلے کی اجازت ہوگی۔ مرکزی جلوس کے روٹ پر متعدد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں جن کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم بنایا گیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close