سندھ

21 سال بعد دنیا کے 30 ممالک کی بوہری برادری کراچی میں ایک ساتھ

کراچی: اکیس سال بعد 30 ممالک سے بوہری برادری کے افراد محرم الحرام کے مرکزی اجتماعات کے لئے کراچی کا رخ کررہے ہیں۔ عاشورا تک بوہری برادری کے تقریبا 50 ہزار افراد اپنے روحانی پیشوا کی موجودگی میں مذہبی رسومات ادا کریں گے۔ صدر کا علاقہ ان دنوں بوہری برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی سر گرمیوں کا مرکز بنا ہوا ہے، دکانوں پر رش بھی معمول سے کہیں زیادہ ہے، ان میں اکثریت بوہری برادری کے افراد کی ہے۔ دو دہائیوں بعد کراچی، دنیا بھر کی داودی بوہرہ برادری کا مرکز نگاہ بنا ہے، یہ اس سال یہیں اپنے روحانی پیشوا کی موجودگی میں محرم الحرام منائیں گے۔ ماضی میں بدامنی کے باعث بوہری برادری دیگر ممالک میں محرم کے مرکزی اجتماعات منعقد کرتی رہی، کراچی میں بوہری برادری کو 2012ء اور 2015ء میں بم دھماکوں سے نشانہ بنایا گیا، اس لئے اس بار سکیورٹی کے انتظامات بھی انتہائی سخت ہیں۔ بوہری برادری اپنے پیشوا کو سیدنا پکارتی ہے، ممبئی سے کراچی آئے سیدنا مفضل سیف الدین بوہرہ محل میں قیام کرتے ہیں، انتظامیہ کے ایک رکن نے میڈیا کو بتایا کہ ماہ محرم کی سالانہ مجالس کا کراچی میں ہونا ان کے لئے کسی بھی اعزاز سے بڑھ کر ہے۔ کراچی میں بوہری برادری کے افراد کی تعداد 30 ہزار کے لگ بھگ ہے جبکہ دنیا بھر سے 25 ہزار داودی بوہرہ شہر قائد کا رخ کررہے ہیں، جو یہاں دس دن گزاریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close