سندھ

کراچی: ہوائی فائرنگ سے لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق

کراچی: یوم آزادی کے موقع پر شہر میں ہوائی فائرنگ سے لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق اور درجنوں شہری زخمی ہوگئے۔

قائد کا شہر رات 12 بجتے ہی فائرنگ اور پٹاخوں کی گھن گرج سے گونج اٹھا ۔ ہوائی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اور درجنوں شہری زخمی ہو کر اسپتال پہنچ گئے۔ پولیس پروٹوکول کی ڈیوٹیوں کے باعث علاقے میں ہونے والے واقعات پر توجہ دینے سے قاصر رہی۔

شہر قائد کے کچھ شرپسند باسیوں نے جشن آزادی منانے کے دوران ایک دوسرے کی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ ، آتش بازی اور پٹاخوں کا استعمال کیا۔

بغدادی تھانے کی حدود لیاری رینجرز ہیڈ کوارٹر کے عقب میں فائرنگ کی زد میں آکر ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کی لاش سول اسپتال لائی گئی، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 30 سالہ عبد الوہاب ولد عبد الغفار بلوچ کے نام سے کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت وہاں اپنے گھر شاہ بیگ لائن کے قریب کھڑا تھا کہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کی زد میں آیا جس سے اس کی موقع پر موت واقع ہوگئی ، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

سول اسپتال ذرائع کے مطابق رات ایک بجے تک اولڈ سٹی ایریا میں جشن آزادی کے موقع پر ہونے والی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہونے والے 19 افراد لائے گئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دیگر افراد معمولی زخمی ہیں جبکہ بلال کالونی سیکٹر 7/A میں ہوائی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا، لیاقت آباد ڈاکخانہ پل کے قریب فائرنگ سے 2 شہری زخمی ہو کر عباسی شہید اسپتال منتقل کیے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لیاقت آباد میں زخمی ہونے والے افراد 14 اگست کی خوشی منانے کے دوران ایک دوسرے سے لڑ پڑے اور آپس میں ہی فائرنگ کر کے زخمی ہوئے ہیں۔ لانڈھی اور کورنگی میں فائرنگ سے دو شہری زخمی ہوئے۔

اسی طرح محمود آباد 6 نمبر البرکت ہوٹل والی گلی میں فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوا۔ زخمیوں کی مجموعی تعداد دو درجن سے تجاوز کر سکتی ہے۔

گلشن اقبال ، گلشن معمار ، سہراب گوٹھ ، گلستان جوہر پہلوان گوٹھ ، شاہ لطیف ٹاؤن ، شاہ فیصل کالونی ، کلفٹن ، ڈیفنس سمیت دیگر علاقوں میں بھی رات گئے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں پولیس پروٹوکول ڈیوٹی پر مصروف رہی جس کے باعث علاقے میں نفری کی کمی کے باعث توجہ نہیں دے سکے۔

علاوہ ازیں مزار قائد پیپلز چورنگی کے قریب جشن آزادی پر کی جانے والی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر جواں سال لڑکی جاں بحق ہوگئی، جاں بحق ہونے والی لڑکی موٹرسائیکل پر اپنے بھائی کے ساتھ جا رہی تھی کہ نامعلوم سے آنے والی گولی سر میں لگی جو جاں لیوا ثابت ہوئی۔

شہر میں جس طرح جشن آزادی جوش خروش سے منائی گئی اسی طرح بلا کسی روک ٹوک اور شہریوں کی زندگی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی۔

جمشید کوارٹر تھانے کی حدود مزار قائد کے عقب میں پیپلز چورنگی کے قریب فائرنگ کی زد میں آکر یہ لڑکی جاں بحق ہوگئی، مقتولہ کی لاش رکشا میں جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں ڈاکٹروں نے خاتون کی موت کی تصدیق کر دی، مقتولہ کی شناخت 25 سالہ بسمہ دختر اللہ داد کے نام سے کی گئی ، مقتولہ شاہ لطیف ٹاؤن پورٹ قاسم سوسائٹی گلشن بینظیر جمعہ بازار کے قریب مکان نمبرR/53 کی رہائشی تھی۔

 

 

 

 

 

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close