سندھ

جو میرے ساتھ ہوا، وہ نوازشریف کیساتھ بھی ہوگا، شرجیل میمن

کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی شرجیل میمن نے کہا کہ ضمانت کے باجود اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا جبکہ کیپٹن (ر) صفدر کو ذاتی مچلکوں پر چھوڑ دیا گیا، بیرون ہونے کے باوجود میرا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا، چاہتا تو میں بیرون ملک رہ سکتا تھا لیکن عدالتوں میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ میرا نام ای سی ایل میں کسی نوٹس کے بغیر ڈالا گیا، میری تذلیل کرکے احاطہ عدالت سے گرفتار کیا گیا، چیئرمین نیب سے معاملے کا نوٹس لینے کی درخواست کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا اسحاق ڈار اور نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ہے، نیب میں جن کیخلاف انکوائری ہورہی ہے کیا ان سب کے نام ای سی ایل میں ہیں۔ انہوں نے نیب سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ ای سی ایل میں نام ڈالنے کا طریقہ کار کیا ہے، مجھے ضمانت کے باجود اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا جبکہ کیپٹن (ر) صفدر کو ذاتی مچلکوں پر چھوڑ دیا گیا، نیب نے کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری ظاہر نہیں کی۔
شرجیل میمن نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور نیب کی محبت نرالی ہے، نیب کی پی پی کیساتھ ناانصافی ن لیگ کیساتھ دوستی ہے، عدالت سے غیر حاضری یا تفتیش کیلئے گرفتاری کی جاتی ہے، جو مجھ سے ہوا کیا وہ سلوک نواز شریف کے ساتھ ہوگا، اسحاق ڈار پر کیس چل رہا ہے وہ پوری دنیا گھوم رہے ہیں۔ رکن سندھ اسمبلی نے کہا کہ ایسا کونسا فورم ہے جہاں اپیل کروں؟، ہمارے ساتھ دہرا معیار اپنایا جارہا ہے، میرے ساتھ دوغلی پالیسی کیوں اپنائی جارہی ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ نیب میری گرفتاری کی جگہ غلط بتارہا ہے، نیب جھوٹ کیوں بول رہا ہے، سچ بتائے مجھے کہاں سے گرفتار کیا گیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close