سندھ

نقیب محسود کے لواحقین کو کراچی لانے کیلئے پولیس کمانڈوز وزیرستان روانہ

کراچی: ڈی آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی نے مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے نقیب اللہ کے کزن سے فون پر رابطہ کرلیا ہے، مقتول کے لواحقین کو کراچی لانے کے لئے خیبر پختونخوا پولیس کمانڈوز کی گاڑیاں وزیرستان روانہ ہوگئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں ماورائے عدالت قتل ہونے والے نقیب اللہ محسود کے کزن سے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی نے فون پر رابطہ کیا۔ ثناء اللہ عباسی نے مقتول کے کزن کو بتایا ہے کہ انہوں نے آئی جی خیبر پختونخوا پولیس سے رابطہ کرکے لواحقین کو مکمل سیکورٹی کے ساتھ کراچی بھیجنے کی درخواست کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مقتول نقیب اللہ کے لواحقین سے جلد ملاقات ہو اور وہ اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کروائیں۔

ثناء اللہ عباسی کا کہنا ہے کہ نقیب اللہ کی ہلاکت کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں اہم پیش رفت ممکن ہے، تاہم مقتول کے لواحقین کا بھی کراچی میں ہونا ضروری ہے۔ علاوہ ازیں نقیب اللہ محسود کے اہل خانہ کو کراچی لانے کے لئے خیبر پختونخوا پولیس کمانڈوز کی گاڑیاں وزیرستان روانہ ہوگئیں جو نقیب کی فیملی کو اپنی حفاظت میں کراچی لائیں گی۔ ذرائع کے مطابق آئی جی خیبر پختونخوا کی ہدایت پر ایلیٹ فورس کی دو گاڑیاں نقیب محسود کے خاندان کو فراہم کر دی گئی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close