سندھ

شاہ رخ جتوئی کمر کی تکلیف میں مبتلا، جیل سے جناح اسپتال منتقل

کراچی: شاہ زیب قتل کیس کا مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی محض دو روز جیل میں گزارنے کے بعد کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوگیا جس کے بعد اسے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ شاہ رخ جتوئی ضمانت پر رہائی سے پہلے بھی جناح اسپتال میں ہی تھا تاہم جب اسے رہائی ملی تھی تو وہ بالکل صحتیاب ہوگیا تھا۔ بعد ازاں سپریم کورٹ کے حکم پر شاہ رخ جتوئی اور دیگر ملزمان کو دوبارہ گرفتار کرکے سینٹرل جیل کراچی منتقل کردیا گیا تھا تاہم جیل میں بمشکل دو دن گزارنے کے بعد شاہ رخ جتوئی کے کمر میں مبینہ طور پر تکلیف شروع ہوگئی جس کے بعد اسے علاج کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ خیال رہے کہ 20 سالہ نوجوان شاہ زیب خان کو دسمبر 2012ء میں ڈیفنس کے علاقے میں شاہ رخ جتوئی اور اس کے دوستوں نے معمولی جھگڑے کے بعد گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔ کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جون 2013ء میں اس مقدمہ قتل کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی اور نواب سراج علی تالپور کو سزائے موت اور دیگر ملزمان بشمول گھریلو ملازم غلام مرتضٰی لاشاری اور سجاد علی تالپور کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

تاہم بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے شاہ رخ جتوئی اور دیگر کی سزائیں کالعدم قرار دینے اور کیس میں انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کئے جانے کے بعد سیشن کورٹ نے تمام ملزمان کو ضمانت پر رہا کر دیا تھا۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے شاہ زیب قتل کیس کی اپیل 6 جنوری کو اسلام آباد طلب کر کے 13 جنوری کو اپیل سماعت کے لئے مقرر کی تھی۔ بعد ازاں چیف جسٹس پاکستان نے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی سمیت سراج تالپور، سجاد تالپور اور مرتضیٰ لاشاری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close