سندھ

رمضان‌ کے بھکاری

آپ نے بہت سارے بھکاری دیکھے ہونگے۔ ٹریفک سگنل پر، کسی ریستوران کے باہر، کبھی شاپنگ مال پر اور بہت سی جگہ ہاتھ پھیلائے بھکاری دیکھنے کو ملتے ہیں ۔ کوئی پیسہ دیتا ہے کوئی بس معاف کرو کہہ کر آگے بڑھ جاتا ہے۔ لیکن آپ جانتے ہیں کہ اب ترقی کا دور چل رہا ہے۔ تو بھکاری بھی ترقی کر گئے ہیں۔ اب بھیک مانگنے کے لیے بھی تیار ہوتے ہیں ، سوٹ پہنتے ہیں، سرخی پاؤڈر لگاتے ہیں پھر جاتے ہیں کہ کوئی بائیک کوئی برینڈڈ سوٹ کوئی اچھی سی گاڑی بھیک میں مل جائے۔ تو پتا یہ چلا کہ سگنل ریستوران اور شاپنگ مال کے علاوہ اب ٹی وی شوز اور رمضان ٹرانسمیشن میں بھی آپ کو اپنے پیشے میں مہارت رکھنے والے بھکاری مل جائیں گے۔آج نیوز کی رمضان ٹرانسمیشن میں حمزہ علی عباسی کے پاس ایک شخص آتاہے وہ ان سے کہتا ہے کہ تمہارا پروگرام بالکل خراب ہے ،بکواس ہے، بیکار ہے۔ مگر آخر کیوں ۔ وہ اس لیے کہ میں تین گھنٹے سے بیٹھا ہوں مجھے کوئی بھیک ہی نہیں ملی، یعنی انعام نہیں ملا۔ لوگ تو اب آتے ہی اسی لیے ہیں کہ انہیں کسی لنگر کی طرح بٹتا ہوا انعام مل جائے گا۔ کم از کم آج نیوز نے تھوڑا لحاظ کر لیا۔ انعام تو دیے مگر تھوڑی عزت کے ساتھ۔ ایک اسلامی سوال پر ایک انعام ملا۔ کسی کوآم نہیں کھانا پڑا ، کوئی کپڑے پھاڑتا ہوا پاگل نہیں بنا ، کسی نے انعام لینے کے لیے ایک ہاتھ دو ہاتھ کےپش اپ نہیں لگائے ، افطار کے بعدکچھ نہ کچھ کھانےکی ریس نہیں لگوائی۔ یہ سب نہیں کرایا جبھی تو سب کو انعام بھی نہیں ملا۔ لوگوں کو کیا ، آپ اسلامی سوال کے جواب دلوائیں یا کوئی اور کام کریں ۔ وہ تو انعام لینے آئیں ہیں ، بس انعام چاہیئے۔لوگ مستحقین کو ڈھونڈتے ہیں تاکہ اپنی زکوۃ دے سکیں، مگر یہاں تو سب غریب مسکین ہیں جو بیچارے ہاتھ پھیلا پھیلا کر مختلف شوز میں مانگ رہے ہیں ۔ اور اس کے لیے وہ ہر حد تک گرنے کو بھی تیار ہیں۔جو اپنی عزت خود کرنا نہیں جانتے انکی کوئی اور بھی عزت نہیں کرتا۔ لوگ اپنی عزت بیچ کر انعامات حاصل کرنے کو تیار ہیں تو ٹی وی والے بھی کیا کریں۔ انھیں تو ریٹنگ سے مطلب ہے۔ کہیں ابو ریٹنگ کی دوڑ میں بیٹے کو ہرا رہے ہیں تو کبھی بیٹے ابو کے آنے کا انتظار کررہے ہیں ۔ حمزہ علی عباسی نے اپنی موٹی ڈبنگ والی آواز میں ایک بات تو صحیح کی ، گیارہ مہینے انعامات لیتے ہو ایک مہینے ثواب بھی لے لو۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close