سندھ

میگاکرپشن کیس، سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کے وارنٹ گرفتاری جاری

کراچی: احتساب عدالت نے سندھ پولیس میں میگا کرپشن کے کیس میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ سندھ ہائیکورٹ نے کرپشن کیس میں سابق آئی جی غلام حیدر جمالی سمیت تمام ملزمان کی ضمانت مسترد کردی تھی جس کے بعد غلام حیدر جمالی چکما دے کر عدالت سے فرار ہوگئے تھے۔ کراچی کی احتساب عدالت میں سندھ پولیس میں میگا کرپشن کے ریفرنس کی سماعت ہوئی جس کے سلسلے میں ملزمان تنویر احمد، فدا حسین اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے جب کہ سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

نیب نے عدالت کے روبرو مؤقف اپنایا کہ ملزمان پر 881 غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے، بھرتیاں سندھ ریزرو پولیس (ایس آر پی) حیدرآباد کے لئے کی گئیں۔ نیب کے مطابق بھرتیاں کانسٹیبلز، کمپیوٹر آپریٹر اور دیگر عہدوں پر کی گئیں اور جعلی بھرتیوں سے 50 کروڑ 46 لاکھ 61 ہزار روپے قومی خزانے سے لوٹے گئے جس پر ملزمان کے خلاف کرپشن اور دیگر دفعات کے تحت ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔ احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلا کو گواہان پر جرح کے لئے طلب کرتے ہوئے سماعت 25 مئی تک ملتوی کردی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close