Featuredسندھ

حکومت عوام کی توقعات پر پوری نہیں اترسکی، ان میں صلاحیت ہی نہیں ہے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ احتساب کے نام پر اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر ویڈیو لنک کے ذریعے کارکنوں سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی سوچے سمجھے منصوبے کے تحت لیک کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کی توقعات پر پوری نہیں اترسکی، ان میں حکومت چلانے کی صلاحیت ہی نہیں ہے، حکمران الزام تراشیاں کرکے نظام چلا رہے ہیں۔ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایک وزیراعظم کو احتساب کے نام پر نکال دیا گیا، کروڑوں ووٹ چوری کرنے والوں کا حساب کب ہوگا؟ پیپلز پارٹی کو کرپشن اور اس کے خلاف جاری کارروائیوں پر تشویش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جعلی اکاؤنٹس سے متعلق جے آئی ٹی کو فیصلہ سمجھ لیا گیا، جے آئی ٹی میں بغیر بلائے قائم علی شاہ اور مراد علی شاہ کے نام شامل کئے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینظیر بھٹو کی گیارہویں برسی کے موقع پر میرا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا، جے آئی ٹی کی بنیاد پر لوگوں کی پگڑیاں اچھالی جا رہی ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق کی سیاست کی اور وفاق کو اکٹھا رکھنے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج وفاق خطرے میں ہے، آج چھوٹے صوبے ٹھیکیداروں کے طرز سیاست سے نالاں ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم پر کھلے عام حملے کئے جا رہے ہیں، آج آئین کی بالادستی، انسانی حقوق پر بات کرنیوالوں کو شک کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ظلم کے خلاف آواز اٹھانے والا سب سے بڑا محب وطن پاکستانی ہے، ان کی آواز سننی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک صرف اور صرف ذوالفقار علی بھٹو کے آئین کے مطابق ہی چلے گا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ کوئی بھی غیر منتخب شخص دو تہائی اکثریت سے منظور آئین کو ختم نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئین کی بالادستی کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close