سندھ

میری مجبوری حد سے تجاوز کرگئی تو سب کے نام بتادوں گا اور کوئی بھی نہیں بچے گا، ڈاکٹر عاصم

کراچی: پیپلز پارٹی کراچی کے صدر اور سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور نیب کو صرف میں اور کراچی والے نظر آتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے 17 ارب روپے کرپشن میں نامزد ملزم ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ میں ناظم آباد کا رہائشی ہوں، اس لئے مجھے کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا، اگر وفاق میں ہمت اور جرأت ہے، تو وہ کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں رہنے والوں پر ہاتھ ڈالیں، صرف غریب کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار اور چئیرمین نیب ذاتیات پر اتر آئے ہیں، ان کے اشاروں پر نیب پراسیکیوٹرز اور ڈی جی نیب ناچ رہے ہیں، چوہدری نثار اور نیب کو میں اور صرف کراچی والے نظر آتے ہیں۔

ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ مجھے بہت مجبور کیا جا رہا ہے، اگر میری مجبوری حد سے تجاوز کرگئی تو پھر سب کے نام بتادوں گا اور کوئی بھی نہیں بچے گا۔ سابق مشیر پیٹرولیم نے وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کی جانب سے پیش کردہ بجٹ گمراہ کن ہے، صحت کیلئے مختص بجٹ نہ ہونے کے برابر ہے، صحت کا بجٹ 6 فیصد ہونا چاہیے، لیکن یہاں اس کا آدھا بھی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا پیسہ پنجاب پر لگایا جا رہا ہے، سندھ حکومت کو وفاق کی جانب سے ایک پیسہ نہیں دیا جا رہا، جس سے روڈ بنایا جائے اور وفاقی حکومت کراچی پورٹ سے سپر ہائی وے تک ایک سڑک بھی نہیں بنا سکتی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close