کھیل و ثقافت

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 133 رنز سے شکست دے دی

ابوظہبی میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 133 رنز سے شکست دے دی ہے۔

اس فتح کے نتیجے میں پاکستان کو اس ٹیسٹ سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے۔

منگل کو کھیل کے آخری دن ویسٹ انڈیز نے چار وکٹ کے نقصان پر 117 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی تو راسٹن چیز اور جرمین بلیک وڈ نے سکور میں مزید 70 رنز کا اضافہ کیا۔

اس موقع پر چیز یاسر شاہ کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

جرمین بلیک وڈ پانچ رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے اور جب ویسٹ انڈیز کا سکور 244 رنز پر پہنچا تو وہ یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

جیسن ہولڈر کو بھی یاسر نے 16 کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو کیا اور یہ یاسر شاہ کی اس اننگز میں پانچویں وکٹ تھی۔

انھوں نے اپنی چھٹی وکٹ کمنز کو بولڈ کر کے لی جبکہ آف سپنر ذوالفقار بابر نے پہلے ہوپ اور پھر داوندرا بشو کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈین اننگز کا خاتمہ کر دیا۔

ان کے علاوہ محمد نواز اور راحت علی نے بھی پاکستان کے لیے ایک ایک وکٹ لی ہے۔

اس میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں یونس خان کی سنچری کی بدولت 452 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 224 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

228 رنز کی سبقت حاصل ہونے کے باوجود پاکستانی کپتان مصباح الحق نے فالو آن کے بجائے دوبارہ بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور دوسری اننگز 227 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close