کھیل و ثقافت

باکسر محمد وسیم ورلڈ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر آگئے

باکسر محمد وسیم ورلڈ باکسنگ کونسل کی رینکنگ میں چوتھا نمبر حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، وہ پہلے پاکستانی باکسر ہیں جنہوں نے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

پاکستان کے شہر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے باکسر محمد وسیم اپنی عمدہ کارکردگی کے باعث ورلڈ باکسنگ کونسل رینکنگ کی فلائی ویٹ کیٹگری میں پانچویں سے چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں۔

یہ اعزاز حاصل کر کے باکسر محمد وسیم نہ صرف یہ کہ چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے’’پہلے پاکستانی باکسر‘‘بن گئے ہیں بلکہ محض 5 عالمی مقابلوں کے بعد ہی ورلڈ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر براجمان ہونے والے’’پہلے عالمی باکسر‘‘کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ہے۔

واضح رہے باکسرمحمد وسیم نےگزشتہ سال نومبرمیں ڈبلیو بی سی سلورفلائی ویٹ ٹائٹل کا بھی دفاع کیا تھا، محض پانچ عالمی مقابلوں کے بعد ورلڈ رینکنگ میں چوتھا نمبر حاصل کرنے پر باکسر محمد وسیم اور ان کے اہل خانہ اللہ کے حضور شکر گذار اور مزید کامیابیوں کے لیے قوم کی دعاؤں کے طلب گار ہیں۔

ناکافی سہولیات کے باوجود اپنی صلاحیتوں اور دن رات کی محنت سے ورلڈ رینکنگ میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے 29 سالہ محمد وسیم نے 2010 کو بھارت میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کر کے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی اور پھر کامیابی کے منازل طے کرتے گئے۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close