دنیا

مودی کا دورہ اسرائیل، ٹیکنالوجی کے معاہدوں پر دستخط

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے پہلے دورے کے دوسرے روز اسرائیل اور بھارت کے درمیان ٹیکنالوجی، پانی اور زراعت میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ خبررساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے بھارتی ہم منصب مودی کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تعاون کو ‘جنت میں شادی’ سےتعبیر کیا۔

خیال رہے کہ نریندرمودی دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 25 برس مکمل ہونے پر اسرائیل کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوئے تھے جس کا اصل مقصد معاہدوں پردستخط کرنا ہے۔

مودی اسرائیل کا دورہ کرنے والے پہلے بھارتی وزیراعظم بن گئے ہیں۔

دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ انھوں نے انسداد دہشت گردی اور دونوں ریاستوں کے درمیان سائبر سیکیورٹی کے حوالے سےتعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔

مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران مودی نے کہا کہ ‘ہمارا مقصد تعلق کو بہتر کرنا ہے جو ہماری ترجیحات اور ہمارے عوام کے درمیان تعلق کی پائیداری کے لیے پر اثر ہو’۔

خیال رہے کہ سرد جنگ کے زمانے میں بھارت کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بہتر نہیں تھے بلکہ وہ فلسطین کی حمایت کررہے تھے لیکن گزشتہ 25 برسوں کے دوران دونوں ممالک نے دفاع اور ٹیکنالوجی کے میدان میں قریبی تعلقات قائم کرلیے ہیں۔

نیتن یاہو سے ملاقات کے علاوہ مودی ٹیکنالوجی کی کمپنیوں اور بھارتی نژاد مقامی یہودیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

مودی کا کہنا تھا کہ وہ دوسری جنگ عظیم کے دوران برطانوی فوج کی جانب سے لڑتے ہوئے ہلاک ہونے والے ہندوستانی فوجی جو حیفہ میں دفن ہیں، کی قبروں پر بھی حاضری دیں گے۔

مودی کے دورے میں اسرائیل میں یادگار ویشم ہولوکاسٹ کا دورہ بھی شامل ہے لیکن فلسطینی حکام کے ساتھ کوئی ملاقات ان کے شیڈول میں نہیں ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close