دنیا

پاک ترک فوجی تعلقات، ترکی نے ایئر چیف سہیل امان کو لیجن آف میرٹ ایوارڈ سے نواز دیا

انقرہ: پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان کو ترکی اور پاکستان کے درمیان فضائی تعاون کے لئے خدمات کے اعتراف میں ترکی کے لیجن آف میرٹ ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔ یہ ایوارڈ پاک فضائیہ کے سربراہ کو ان کے دورہ ترکی کے موقع پر دیا گیا جہاں ان کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان جو ان دنوں ترکی کے دورے پر ہیں کو ترک فضائیہ کے ہیڈ کوراٹر میں منعقد ہونے والی تقریب میں لیجن آف میرٹ سے نوازا گیا۔ ایئر چیف مارشل سہیل امان جیسے ہی ترک فضائیہ کے ہیڈ کوارٹر پہنچے تو ترک ایئر چیف عابدین اونال نے ان کا استقبال کیا اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ دونوں ممالک کی فضائیہ کے سربراہوں نے اس موقع پر تفصیلی بات چیت کی اور دونوں ممالک کی فضائیہ کے درمیان تعاون کے مختلف منصوبوں پر غور کیا۔ بعد ازاں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کو لیجن آف میرٹ ایوارڈ دینے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر ایئر چیف مارشل سہیل امان نے خطاب کرتے ہوئے ان کو دیئے جانے والے "لیجن آف میرٹ ایوارڈ” پر ترکی کی مسلح افواج کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ان کے لئے ایک ایسا اعزاز ہے جس کا وہ زندگی بھر احترام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ تعلقات ایک اس نہج پر پہنچ چکے ہیں جہاں پر دیگر ممالک کا پہنچنا ممکن نہیں ہے، دونوں ممالک کے درمیان یہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ فروغ پاتے رہیں گے، ہم جس طریقے سے ترکی کی 15 جولائی اور دیگر مشکلات میں ترکی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں بالکل اسی طرح ترکی نے ہمارا ہر مشکل میں ساتھ دیا ہے، ہمیں ترکی کی دوستی پر فخر ہے، اس وقت ترکی کو شام کے ساتھ ملنے والی سرحدوں پر دہشت گرد ی کا سامنا ہے، ترکی نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے فرات ڈھال کے نام سے جو فوجی آپریشن شروع کر رکھا ہے ہم اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور ترکی کو ہر طرح کا تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔

تقریب سے ترک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل عابدین اونال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے تعلقات دنیا کے لئے ایک مثال کی حیثیت رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان یہ تعلقات ماضی سے چلے آرہے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ ان تعلقات میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے، ان تعلقات کو فروغ دینے میں دونوں ممالک کے عوام اور خاص طور پر افواج نے بڑا اہم کردارا ادا کیا، دونوں ممالک کی افواج ایک دوسرے سے قریبی تعاون کرتے ہوئے کئی ایک پراجیکٹ کو پایہ تکمیل تک پہنچا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کسی قسم کے مفاد کا خیال رکھے بغیر ایک دوسرے سے گہرا تعاون کررہے ہیں جبکہ دنیا میں اس وقت مفاد پر دوستی کی جا رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ دوستی مضبوط بنیادوں پر استوار ہے۔ اس سے قبل پاکستان فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کی قیادت میں پاکستان کا اعلیٰ سطحی عسکری وفد ترکی پہنچا۔ استنبول میں تھوڑی دیر قیام کے بعد پاکستانی وفد انقرہ پہنچا، جہاں پر سفیر پاکستان سہیل محمود اور ترک فضائیہ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔ ائیر چیف سہیل امان نے اپنی مصروفیات کا آغاز اتاترک کے مزار پر حاضری سے کیا اور مزار پر منعقد ہونے والی تقریب میں پھول چڑھائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close