دنیا

لیگی چیئرمینوں نے اختیارات نہ ملنے پر نان ٹکی کی ریڑھی لگالی

پاکستان مسلم لیگ ن نے سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب میں بلدیاتی الیکشن تو کرادیے ہیں لیکن تاحال بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات نہیں دیے جس پر لیگی نمائندے ہی بغاوت پر اتر آئے ہیں۔ قیادت سے بغاوت کے معاملے میں گوجرانوالہ کے بلدیاتی نمائندے سب پر بازی لے گئے ہیں اور روز نت نئے طریقوں سے احتجاج کررہے ہیں۔
گوجرانوالہ میں گزشتہ کئی روز سے مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔ آج (پیر کو ) بھی 2 لیگی چیئرمینوں نے احتجاج کا انوکھا طریقہ اپنایا اور کمشنر آفس کے سامنے نان ٹکی کی ریڑھی لگالی۔ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے رضوان چیمہ اور یحییٰ بٹ نامی چیئرمینوں نے احتجاجاً نان ٹکی کی ریڑھی لگا کر اپنے لیے مصروفیت ڈھونڈ لی اور ساتھ ہی اعلیٰ حکام کو بھی نیند سے جگانے کی کوشش کی ۔ مذکورہ چیئرمینوں کا کہنا تھا کہ ہم نے عوام سے ووٹ تو لے لیے ہیں لیکن اختیارات نہ ہونے کی وجہ سے اپنے ووٹرز کو منہ دکھانے کے قابل نہیں ہیں اور چھپتے پھرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں گوجرانوالہ کا ہی ایک لیگی چیئرمین اختیارات نہ ملنے پر بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا تھا جبکہ کچھ روز پہلے بھی ایک لیگی چیئرمین نے واسا کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے گندے پانی میں کونسلرز سمیت اجلاس بلالیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close