Featuredدنیا

یوکرین میں مارشل لاء نافذ

روسی فوج کے حملوں میں اب تک 40 سے زائد یوکرینی فوجی ہلاک 

یوکرین کے صدارتی دفتر کے مشیر نے جاری کیے گئے بیان میں بتایا ہے کہ روسی فوج کے حملوں میں شہریوں کی اموات بھی ہوئی ہیں۔

یوکرین کے صدارتی دفتر کے مشیر کا کہنا ہے کہ روسی فوج کے حملوں میں اب تک 40 سے زائد یوکرینی فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب یوکرین کے صدر زیلنسکی کا جاری کیے گئے ایک بیان میں کہنا ہے کہ روس کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر لیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دشمن کو بھاری نقصان ہوا ہے، روس سے لڑنے کے لیے ہم ہر شہری کو اس کی خواہش پر ہتھیار فراہم کریں گے۔

یوکرینی صدر نے مزید کہا کہ یوکرین کا مسلح دفاع کرنے والے یوکرینی باشندوں پر عائد پابندیاں ختم کر دی جائیں گی۔

یوکرین کے صدر زیلنسکی کا یہ بھی کہنا ہے کہ روسی شہری جنگ کے خلاف باہر نکلیں اور مظاہرہ کریں۔

یوکرینی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مشرقی یوکرین میں 50 روسی فوجی ہلاک جبکہ 6 روسی طیارے تباہ کر دیے ہیں۔

اس سے قبل یوکرینی فوج کی جانب سے 5 روسی طیاروں اور 1 ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ سامنے آیا تھا۔

یوکرین کے اس دعوے کی روس کی جانب سے تردید کی گئی تھی۔

روس کی فوج کے یوکرین پر حملے اور یوکرینی دارالحکومت کیف کے ایئر پورٹ پر بم دھماکے کے بعد لوگوں نے شہر خالی کرنا شروع کر دیا۔

دھماکے کے بعد کیف کے شہری شہر کے مضافاتی علاقوں میں جا رہے ہیں۔

کیف سمیت یوکرین کے مشرقی شہروں میں افرا تفری کی صورتِ حال ہے۔

یوکرین کے وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ جارحیت کی جنگ ہے، یوکرین اپنا دفاع کرے گا اور جیت جائے گا۔

یوکرین کے وزیرِ خارجہ کی طرف سے روسی حملے کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں یہ بات کہی گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ کہ روسی صدر پیوٹن نے یوکرین پر مکمل حملہ کیا ہے، یوکرین کے پُرامن شہر روسی حملوں کی زد میں ہیں۔

یوکرینی وزیرِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ دنیا پیوٹن کو روک سکتی ہے اور اسے روکنا چاہیے، اب عمل کرنے کا وقت ہے۔

یوکرین کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ یوکرین کے شہر برووری میں روسی افواج کی شیلنگ سے 1شخص ہلاک اور 1 زخمی ہوا ہے۔

یوکرین کی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق یوکرین بھر میں روسی فوجوں کی جانب سے شیلنگ جاری ہے۔

روسی حمایت یافتہ علیحدگی پسندوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے یوکرین کے ریجن لوہانسک میں یوکرینی طیارہ مار گرایا ہے۔

روسی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے یوکرین کے ایئر ڈیفنس کو تباہ کر دیا ہے۔

جاری کیے گئے بیان میں روسی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اس نے یوکرین کے ایئر بیسز کا انفرا اسٹرکچر ناکارہ بنا دیا ہے۔

روسی وزارت دفاع نے یوکرین کے شہروں پر میزائل اور آرٹلری حملوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس یوکرین کے ملٹری انفرا اسٹرکچر، ایئر ڈیفنس اور ایئر فورسز کو نشانہ بنا رہا ہے۔

روسی حملے کے بعد یوکرین کے دارالحکومت کیف میں دھماکے بھی سنے گئے ہیں جبکہ پورے یوکرین میں مارشل لاء نافذ کر دیا گیا ہے۔

یوکرین کے صدر زیلنسکی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مارشل لاء کا نفاذ پورے ملک پر ہو گا۔

ان کا کہنا ہے کہ روس نے یوکرین کے انفرا اسٹرکچر، بارڈر گارڈز پر میزائل حملے کیے ہیں۔

یوکرین کے صدر زیلنسکی نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم مضبوط ہیں، ہر چیز کے لیے تیار ہیں، ہم ہی جیتیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close