دنیا

گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ ہونے سے دنیا ایک نئے تصادم اور خلفشار سے بچ گئی، طاہرالقادری

نیویارک: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے گستاخانہ خاکوں کے مقابلوں کے منسوخ ہونے کے اقدام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا ایک نئے تصادم اور خلفشار سے بچ گئی، مقدس ہستیوں کیخلاف فتنوں کا راستہ روکنے کیلئے ابہام سے پاک قانون سازی ناگزیر ہے، جب تک عالمی سطح پر اس ضمن میں واضح قانون سازی نہیں ہو گی اس نوع کے واقعات کا احتمال رہے گا۔ وہ نیویارک میں مقامی تنظیم کے عہدیداران، ذمہ داران سے ایک ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ خاکوں کے مقابلے رکوانے کیلئے نوجوانوں نے سوشل میڈیا کا موثر اور انتہائی مثبت استعمال کیا اور اپنی آواز دنیا کے گوشے گوشے تک پہنچائی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ نئی نسل عشق مصطفی(ص) کے رنگ میں رنگی ہوئی ہے اور وہ اپنے نبی آخر الزماں کی حرمت اور تقدس سے آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اہانت آمیز رویے سے بچنے کیلئے او آئی سی کو اپنا عالمی کردار ادا کرنا ہوگا اور حکومت پاکستان کو بھی اپنی اسلامی،قومی و ملی ذمہ داریاں پوری کرنا ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ اہانت آمیز خاکوں سے متعلق مذمتی قرارداد پاس کرنے پر سینٹ آف پاکستان کے اقدام کو سراہتے ہیں، اب ایک قدم مزید آگے آتے ہوئے حکومت او آئی سی کا اجلاس بلانے کیلئے اپنا سفارتی کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری بین المذاہب تصادم کا باعث بننے والے عوامل کا راستہ روکے، اس رویے سے عالمی امن کیلئے بروئے کار لائی جانیوالی کوششیں بری طرح متاثر ہوتی ہیں اور انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کے بیانیے کو تقویت ملتی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close