دنیا

جرمنی کی ریاست بویریا میں ٹرین حادثہ نو افراد ہلاک 100 کے قریب زخمی

جرمنی کی ریاست بویریا میں پولیس کے مطابق دو مسافر ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور 100 کے قریب زخمی ہوگئے ہیں۔

بویریا پولیس کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام کے مطابق زخمیوں میں سے 50 افراد شدید زخمی ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں دونوں ٹرینوں کے ڈرائیور اور گارڈ شامل ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق یہ حادثہ منگل کی صبح میونخ کے جنوب مشرق میں ساٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع قصبے باد ایبلنگ میں پیش آیا۔

جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق تصادم اتنا شدید تھا کہ ایک ٹرین کی کئی بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور جائے حادثہ سے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے زخمیوں کو منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس کا کا کہنا ہے کہ امدادی کارکنوں کو بوگیاں کاٹ کر ان میں پھنسے افراد کو نکالنے میں کئی گھنٹے لگے۔

تاحال حادثے کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے تاہم دونوں ٹرینیں ایک ہی لائن پر موجود تھیں اور آمنے سامنے ٹکرائیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد پولیس نے اردگرد کے علاقے کی سڑکیں بھی بند کر دی ہیں۔

بویریا پولیس کے ترجمان سٹیفن سنٹاگ نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ’یہ اس خطے میں کئی برسوں کے دوران پیش آنے والا سب سے بڑا حادثہ ہے۔ بہت سے ڈاکٹر، ایمبیولنسز اور ہیلی کاپٹر جائے حادثہ پر موجود ہیں۔‘

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close