دنیا

آسٹریلیا پر ایٹمی حملے کی دھمکی، یہ کس ملک نے دی؟ جواب ایسا کہ کوئی سوچ بھی نہ سکتا تھا

پیانگ یانگ: امریکہ کی جانب سے شمالی کوریا پر حملے کے عزائم سامنے آنے کے بعد شمالی کوریا کا غصہ قابو سے باہر ہوگیا ہے اور اس نے امریکہ کے ساتھ اس کے قریبی اتحادی آسٹریلیا کو بھی ایٹمی میزائلوں سے تباہ کردینے کی دھمکی دے ڈالی ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا نے خبردار کیا ہے کہ آسٹریلیا کو امریکہ کے ساتھ قربتیں بڑھاتے ہوئے یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ یہ شمالی کوریا کے ایٹمی میزائلوں کے نشانے پر ہے۔ شمالی کوریائی نیوز ایجنسی کی جانب سے گزشتہ روز جاری کئے گئے بیان میں آسٹریلیا کو خبردار کیا گیا کہ یہ امریکہ کی اندھی تقلید نہ کرے ورنہ اپنے نقصان کا خود ذمہ دار ہوگا۔ بیان میں آسٹریلوی وزیر خارجہ جولی بشپ کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے شمالی کوریا کے خلاف اول فول بکا ہے جس کی وجہ سے آسٹریلیا بھی اب شمالی کوریا کے ایٹمی حملے کی زد میں آسکتا ہے۔

شمالی کوریائی حکام کا کہنا تھا ”اگر آسٹریلیا امریکہ کی تقلید میں شمالی کوریا کو الگ تھلگ کرنے کی سازش پر عمل پیرا رہا تو یہ خود کشی کے مترادف ہوگا کیونکہ اس کا ہر کونہ شمالی کوریا کے مزائلوں کی زد میں ہے۔“آسٹریلوی وزیر خارجہ کو مزید خبردار کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ اپنی زبان درازی پر نظر ثانی کریں اور آئندہ شمالی کوریا کے خلاف کوئی بھی بات کرنے سے پہلے اچھی طرح سوچ سمجھ لیں۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے آسٹریلوی وزیر خارجہ نے ABC نیوز کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں شمالی کوریا کے نیوکلیئر پروگرام کو آسٹریلیا کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا تھا کہ وہ شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کرے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close