انٹرٹینمنٹ

مس یونیورس کا تاج جنوبی افریقہ کی دوشیزہ کے نام

لاس ویگاس: امریکی شہر لاس ویگاس میں 2017 کے مس یونیورس مقابلے میں جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی دوشیزہ ڈیمی لیہہ نیل پیٹرز نے متعدد ممالک کی حسیناؤں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کائنات کی سب سے خوبصورت خاتون ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

22 سالہ ڈیمی لیہہ نیل پیٹرز کو اس اعزاز کے ساتھ ساتھ ایک سال کا معاوضہ اور نیویارک شہر میں ایک شاندار اپارٹمنٹ کے ساتھ دیگر انعامات سے بھی نوازا گیا۔

مقابلے کے دوران جب ڈیمی سے سوال کیا گیا کہ خواتین کو اپنے دفتر میں سب سے زیادہ کس مسئلے کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تو اس پر انہوں نے کہا کہ خواتین کو مردوں کے برابر معاوضہ نہیں دیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ ’کچھ جگہوں پر خواتین کو مردوں کو ملنے والے معاوضے کا صرف 75 فیصد دیا جاتا ہے، پھر چاہے وہ دونوں ایک سا کام ہی کررہے ہوں اور مجھے لگتا ہے کہ یہ صحیح نہیں ہے‘۔

وہ جنوبی افریقہ کی دوسری خاتون ہیں جنہوں نے مس یونیورس کا اعزاز جیتا۔

مقابلے میں مس کولمبیا دوسرے جبکہ مس جمیکا تیسرے اعزاز کی حقدار رہیں۔

اس مقابلے میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی 92 خواتین نے حصہ لیا، جبکہ کمبوڈیا، لاؤس اور نیپال جیسے ممالک اس مقابلے کا پہلی بار حصہ بنے۔

اس سال کے شو کی میزبانی بھی اسٹیو ہاروے نے کی، واضح رہے کہ 2015 میں انہوں نے مس یونیورس کا خطاب ‘غلطی سے’ مِس فلپائن کی جگہ مس کولمبیا کو دے دیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close