کھیل و ثقافت

نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف میچ اور سیریز دونوں جیت لی

 یوزی لینڈ نے ماؤنٹ مونگونی میں کھیلے جانے والے سیریز کے پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو 36 رنز سے شکست دے کر ایک کے مقابلے تین میچوں سے سیریز جیت لی ہے۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے اوپنر مارٹن گپٹل کی سنچری اور کین ولیمسن اور راس ٹیلر کی نصف سنچریوں کی بدولت 294 رنز کا ہدف دیا تھا۔

 

لیکن میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ کی عمدہ بولنگ کے باعث سری لنکا کی ٹیم اس ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 258 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔

میٹ ہنری کو 40 رنز کے عوض ان کے پانچ وکٹوں کے سبب مین آف دا میچ قرار دیا گیا جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے 43 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ میٹ ہنری نے سیریز میں متاثر کن بولنگ کی اور 13 وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا کی ابتدا اچھی نہ تھی اور 33 رنز پر اس کے تین وکٹ گر چکے تھے لیکن پھر وکٹ کیپر دینیش چنڈیمل اور کپتان اینجلو میتھیوز نے ميچ میں دلچسپی برقرار رکھی۔

چنڈی مل اپنے نصف سنچری پوری کرنے کے بعد آؤٹ ہوگئے لیکن میتھیوز نے سری وردھنے کے ساتھ مل کر مزاحمت جاری رکھی۔ بالآخر وہ 95 رنز بنا کر ہنری کا شکار ہو گئے۔

خیال رہے کہ کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسرے میچ میں اسے 10 وکٹوں سے کامیابی ملی تھی۔

نیلسن میں کھیلے جانے والے تیسرے ونڈے میں سری لنکا نے آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ چوتھا میچ بارش کی نذر ہو گیا اور بے نتیجہ قرار پایا جبکہ پانچویں میچ میں نیوزی لینڈ نے 36 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 1-3 سے اپنے نام کر لی۔

ٹیسٹ اور ونڈے سیریز کے بعد اب سات اور دس جنوری کو دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے۔

 

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close