انٹرٹینمنٹ

طلاق کے بعد بھی خوشحال زندگی گزاری جاسکتی ہے : اُشنا شاہ

میں ایک ایسی کہانی کا حصہ بننا چاہتی ہوں جس میں طلاق یافتہ خاتون کو مثبت انداز میں دِکھایا جائے

خواتین کے حقوق کے لیے ہمیشہ اپنی آواز بُلند کرنے والی پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے کہا ہے کہ اگر اُنہیں طلاق یافتہ خاتون کا کردار ملے گا تو وہ خوشی خوشی اس کردار کو نبھائیں گی۔

اُشنا شاہ اکثر سوشل میڈیا پر خواتین کے حقوق کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتی نظر آتی ہیں، خواتین کے حق میں بولنے پر جہاں اداکارہ کو سراہا جاتا ہے تو وہیں کئی بار تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

اب اُشنا نے طلاق یافتہ خاتون کا کردار ادا کرنے کی خواہش سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
اُشنا شاہ نے کہا کہ ‘میں نے بہت سے ایسے اسکرپٹ میں کام کیا ہے جن میں طلاق کو منفی انداز میں دِکھایا گیا ہے، اگرچہ میں اسکرپٹ تبدیل نہیں کرسکتی کیونکہ یہ میرے کام کا حصہ نہیں ہے لیکن طلاق سے متعلق میرے خیالات بالکل مختلف ہیں’۔

اداکارہ نے اپنے والدین کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘میرے والدین کی بھی علیحدگی ہوگئی ہے اور میری والدہ نے ہمیں سنگل پیرنٹ کے طور پر پالا ہے، ہماری بہترین پرورش اور دیکھ بھال کے لیے تین ملازمتیں کیں’۔

اُنہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں ایک ایسی کہانی کا حصہ بننا چاہتی ہوں جس میں طلاق یافتہ خاتون کو مثبت انداز میں دِکھایا جائے اور یہ پیغام دیا جائے کہ طلاق کے بعد بھی خوشحال زندگی گزاری جاسکتی ہے’۔

اُشنا شاہ کا کہنا تھا کہ ‘ایسا کردار ہو جس میں طلاق یافتہ خاتون خود مختار زندگی گزار کر معاشرے میں مثال قائم کرے’۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ‘اس طرح کے اسکرپٹ کے لیے پروڈیوسر کو راضی کرنا بہت مشکل کام ہے کیونکہ ایسے ڈراموں پر عوام کی جانب سے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے’۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close