Featuredسندھ

بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان ’’بیپار جوئے‘‘ کا کراچی سے فاصلہ مزید کم ہوگیا

کراچی، حیدرآباد کے اضلاع میں 13 اور 16جون کو بارشوں کا امکان

کراچی: طوفان کے باعث 13 جون کو تیز ہوائیں چلنے، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان ’’بیپار جوئے‘‘ کا کراچی سے فاصلہ مزید کم ہوگیا جبکہ طوفان کے باعث شہر میں تیز ہوائیں چلنے، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے طوفان بیپار جوئے کے حوالے سے 11 واں الرٹ جاری کر دیا جس کے مطابق مشرقی وسطیٰ بحیرہ عرب میں انتہائی شدید سمندری طوفان مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ انتہائی شدید نوعیت میں بدلنے والے طوفان کا رخ گذشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مسلسل شمال کی جانب رہا۔

جاری الرٹ کے مطابق طوفان اس وقت کراچی کے جنوب میں 760کلومیٹر، ٹھٹھ سے 740 کلو میٹر جبکہ اورماڑہ سے 840 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔ طوفان کے مرکز اور گرد 150 سے 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ طوفان کے ہمراہ موجود ہواؤں کی رفتار 180 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تجاوز کر رہی ہیں۔

لہروں کی بلندی انتہائی غیر معمولی طور پر 40 فٹ تک ریکارڈ ہو رہی ہیں۔ سازگار ماحولیاتی حالات اور 30 سے 32 ڈگری درجہ حرارت اور عمودی اوپری سطح کی ہوائیں طوفان کی شدت کو برقرار رکھ سکتی ہیں۔
ان ہی عوامل کے درمیان سمندری طوفان مزید شمال کی طرف 14 جون کی صبح تک ٹریک کرسکتا ہے۔ بعدازاں، طوفان کا شمال مشرق کی طرف مڑنے اور کیٹی بندر (جنوب مشرقی سندھ) اور ہندوستان کے درمیانی علاقے کو عبور کرسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 15 جون کی سہ پہر کو سمندری طوفان بھارتی ریاست گجرات کے ساحل پر انتہائی شدید شکل میں موجود ہوگا۔ ممکنہ اثرات کے تحت جنوب مشرقی سندھ کے ساحل تک بڑے پیمانے پر ہواؤں، گردوغبار/گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جبکہ 80 سے 100کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے سبب کمزور املاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

سمندری طوفان کے باعث 13 سے 17 جون کے درمیان ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور عمرکوٹ کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جبکہ کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار اور میرپورخاص اضلاع میں 13 اور 16جون کو بارشوں کا امکان ہے۔
اس دوران 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، تیز ہوائیں کمزور ڈھانچے (کچھے گھروں) کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

طوفان کے ممکنہ لینڈنگ پوائنٹ (بھارت) کے قرب میں واقع کیٹی بندر اور آس پاس پر غیر معمولی صورتحال کا خدشہ ہے۔ ماہی گیروں کو 17 جون تک کھلے سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close