Featuredاسلام آباد

تحریک انصاف کا سنی اتحاد کونسل سے پارلیمانی اتحاد کا اعلان

پی ٹی آئی، ایم ڈبلیو ایم اور سنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں کی مشترکہ پریس کانفرنس

اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنما بیرسڑ گوہر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سنی اتحاد کونسل کو جوائن کررہے ہیں۔

عمرایوب ،علامہ راجا ناصر ،صاحبزادہ حامد رضا ودیگر کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں 180سیٹوں سے جیت چکی ہے، ہمارے امیدواروں نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا،آزاد حیثیت سے کامیاب امیدوار کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہمارے آزاد امیدوار سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کریں گے، وفاق، پنجاب اور کے پی میں سنی اتحاد کونسل سے اتحاد ہوگا، ہمارا اتحاد اس ملک کے لیے ہے۔

رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجا ناصر کو خوش آمدید کہتا ہوں ،چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کو بھی خوش آمدید کہتاہوں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے حصول کیلئے اتحاد کا فیصلہ کیا گیا، الیکشن کمیشن سے درخواست کریں گے ہمیں مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں۔

پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعظم عمر ایوب نے کہا کہ ملک میں فرقہ واریت نہیں چاہتے ، ہم چاہتے ہیں پوری قوم متحد ہو،سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کی وجہ مخصوص نشستیں حاصل کرنا ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ حیدر آباد اور کراچی میں ایم کیو ایم نے ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا، ہمارے امیدواروں کے فارم 47تبدیل کیے گئے، حکومت میں آنے کے بعد ساتھیوں کی رہائی کیلئے کام کریں گے۔

عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی، پرویز الہٰی کی رہائی کیلئے کام کریں گے، پی ٹی آئی کے ساتھ دھاندلی نہیں دھاندلا ہوا ہے۔

عمرایوب نے کہاکہ ’مجلس وحدت المسلمین نے عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے لیے جتنی سپورٹ کی ہے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، ہر جگہ پر علامہ صاحب کہتے ہیں کہ انسان کے پاس ایک ا سٹریٹجک تھنکنگ ہونی چاہئیے۔

انھوں نے کہا کہ یہاں پر میں پاکستان تحریک انصاف کے ہر ایک ورکر کی طرف سے علامہ صاحب آپ کا آپ کی ٹیم کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ جو آپ کی سوچ ہے پاکستان کے لیے اسلام کے لیے، ہم لوگ آپ کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں کہ ہمیشہ آپ نے عمران خان کی اور پی ٹی آئی کی حمایت کی ہے۔

پریس کانفرنس میں مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ عالمی ایجنڈے کے تحت پی ٹی آئی حکومت کو گرایا گیا، کوشش کی گئی لوگوں کو ڈرایا اور مایوس کیا جائے۔

راجہ ناصر عباس نے کہا کہ جب تک زندہ ہے عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے، پانی پی ٹی آئی کے ہمشہ ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔

قائد مجلس وحدت المسلمین نے کہا کہ ملک کے 80 فیصد لوگ پی ٹی آئی کے بانی کے ساتھ کھڑے ہیں ، عوام سے لڑنے والے جیٹ نہیں سکتے ، عوام نے جنھیں مسترد کیا انھیں مسلط کیا جارہا ہے۔

علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ ایک دوسرے پر کوئی تحفظات نہیں، ہم ایک ہیں، وطن بچانے کی تحریک میں پیچھے نہیں ہٹیں گے، وطن بچانے کی تحریک میں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ عالمی ایجنڈے کے تحت پی ٹی آئی حکومت کو گرایا گیا،کوشش کی گئی لوگوں کو ڈرایا اور مایوس کیا جائے، انتخابات میں آزاد امیدواروں کو ڈرایا دھمکایا گیا، بے ڈھنگے طریقے سے الیکشن کرائے گئے۔

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزداہ حامد رضا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ اتحاد آج کا نہیں بلکہ 8 سال پہلے کا ہے ، یہ وہ دو جماعتیں ہیں جو پی ٹی آئی کی اتحادی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close