Featuredاسلام آباد

شوال کے چاند کی پیدائش ہوگئی، کل بغیر دوبین کے بھی باآسانی دیکھا جاسکے گا، وزیر سائنس

اسلام آباد: وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شوال کے چاند کی پیدائش ہوگئی جسے کل بغیر دوبین کے بھی باآسانی دیکھا جاسکے گا۔ اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ قومی ریاست میں خوشیوں کے تہوار تقسیم کا باعث نہیں ہونے چاہیے، سائنسی بنیادوں پر مسائل کو دیکھنے کی ضرورت ہے، مسلمانوں نے علم سے سیکھنا ہے علم سے ہی آگے بڑھنا ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ علم کے استعمال کا حکم اللہ اور اس کے رسول نے دیا ہے، دنیا میں ایسے ممالک ہیں جہاں کئی کئی ہفتے سورج نہیں نکلتا، اسلام پوری دنیا کے انسانوں کیلئے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چاند دیکھنے پر لاکھوں خرچ کرنا کہاں کی عقلمندی ہے، کمیٹی اس کا تو معاوضہ نہ لے، وفاقی وزیر فواد چوہدری

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ آج تین بجکر 2 منٹ پر چاند کی پیدائش ہوگئی ہے، آج چاند نہیں دیکھا جاسکتا کیوں کہ سورج کےغروب اور چاند کا ایک وقت ہے، کراچی اور گوادر کے ساحلی پٹی میں کل چاند بغیر کسی دوربین کے صرف آنکھ سے بھی دیکھا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ موبائل ایپ بنایا گیا ہے جس میں چاند کی رویت سے متعلق تمام معلومات موجود ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ منگل کو رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوگا، منگل کو آخری روزہ اور بدھ کو عید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایپ پر ملک کی سرحدوں کے اندر ہی چاند دکھا رہے ہیں، منگل کو چاند ایک گھنٹے کیلئے ہماری سرحد پر موجود رہے گا، ایک ہی دن عید کرنے کیلئے ہم نے بہت محنت کی ہے،ہمارا مقصد کسی کو نیچا دکھانا نہیں ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری خوشیوں کے ایام کو تقسیم کا باعث نہیں ہونا چاہیے، مسلمان علمی قوم ہے، فلکیات کا علم مسلمانوں نے متعارف کرایا، سورج، چاند اور دیگر سیارے اپنے مدار میں گھومتے رہتے ہیں، بادلوں کے آنے کا یہ مطلب نہیں ہوتا کہ چاند نکلا ہی نہیں ہے، موبائل ایپ سے تمام کہکشاں دیکھی جاسکتی ہے، موبائل ایپ کو مختلف نظام کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی جو دوربین استعمال کر رہی ہے وہ 50 سال پرانی ہے، اگر سائنسی آلات استعمال نہیں کرنا تو پھر عینک کے بغیر چاند دیکھیں، پرانے زمانے میں سورج کو دیکھ کر ٹائم جانا جاتا تھا، لیکن اب گھڑی دیکھ کر ہی ٹائم فکس کیا جاتا ہے۔ خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے بھی کل بروز منگل شوال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ظاہر کیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close