سندھپاکستان

حسینہ معین انتقال کر گئیں

کراچی (26 مارچ 2021) معروف ڈرامہ نویس، مصنفہ اور مکالمہ نگار حسینہ معین انتقال کر گئیں۔حسینہ معین نے 79 برس کی طویل عمل پائی ۔حسینہ معین کی نماز جنازہ بعد نماز عصر مدنی مسجد نارتھ ناظم آباد بلاک آئی میں ادا کی جائے گی۔حسینہ معین 20 نومبر 1941 کو بھارت کے شہر کانپور میں پیدا ہوئیں انہوں نے ابتدائی تعلیم بھی کانپور میں حاصل کی۔
پی ٹی وی کے مقبول ترین ڈرامے کا اعزاز اپنے نام کرنے والی حسینہ معین نے جامعہ کراچی سے 1963 میں تاریخ میں ماسٹرز کیا تھا۔حسینہ نے کئی یادگار ڈرامے لکھے جن میں ان کہی،تنہائیاں ،دھوپ کنارے، آہٹ، آئینہ سمیت مزید کئی ڈرامے شامل ہیں۔ حسینہ معین نے کئی ممالک کا دورہ کیا اور متعدد ایوارڈز جیتے۔1987 میں انہیں پرفارمنگ آرٹس کی خدمت پر تمغا حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔
چند روز قبل ہی انہوں نے عالمی وبا کورونا وائرس سے تحفظ فراہم کرنے والی ویکسین کی پہلی ڈوز لگوالی۔حسینہ معین نے آرٹس کونسل میں فنکاروں کیلئے قائم ویکسینیشن سینٹر سے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل میں اس سہولت کی فراہمی پر وہ سندھ حکومت کی شکر گزار ہیں۔ انہوں نے تمام معمر شہریوں سے کورونا ویکسین لگوانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین لگوانا انتہائی سادہ عمل ہے، کوئی تکلیف نہیں ہوتی۔
خیال رہے کہ فنکاروں کیلئے کراچی آرٹس کونسل میں کورونا ویکسینیشن سینٹر قائم کیا گیا تھا، وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے آرٹس کونسل میں پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ فنکار، ادیب، لکھاری بہت اہم ہیں، ان کیلئے آرٹس کونسل میں ویکسیشن سینٹر بنایا ہے۔وزیر صحت سندھ نے کہا کہ جب تک ستر فیصد سے زیادہ لوگوں کو ویکسین نہیں لگتی فائدہ نہیں ہوگا، ویکسین سب کو لگنی ہے، یہ انسانیت کی خدمت ہے، ہم چاہتے ہیں ہر فرد تک پہنچیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close