بلوچستان

اقتدار کے مزے دیکھنے کے بعد میر عبدالقدوس بزنجو تاحیات وزیراعلٰی بننا چاہتے ہیں، ثناء اللہ زہری

کوئٹہ: سابق وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اپنی حکومت کا تختہ الٹنے والے میر عبدالقدوس بزنجو کیخلاف پہلی بار بول اٹھے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اقتدار کے مزے دیکھنے کے بعد عبدالقدوس بزنجو تاحیات وزیراعلٰی بننا چاہتے ہیں۔ مدت پوری ہونے کے باوجود وزیراعلٰی ہاؤس خالی کر رہے ہیں اور نہ ہی سرکاری گاڑیاں واپس کر رہے ہیں۔ وزیراعلٰی ہاؤس چھوڑنا بڑا دل گردے کا کام ہے۔ بلوچستان اسمبلی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں نگراں وزیراعلٰی کے تقرر کیلئے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے قبل ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر نواب ثناء اللہ زہری نے عبدالقدوس بزنجو پر طنز اور تنقید کے نشتر برسائے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے نگراں وزیراعلٰی کے تقرر کے معاملے پر آئینی طریقہ کار پر عمل کیا۔ مگر حکومت کے اقدامات بالکل بھی آئین کے مطابق نہیں۔ وہ آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ ان کو اقتدار کے مزے لگ گئے ہیں، جس طرح اْنہوں نے پانچ ساڑھے پانچ ماہ حکومت چلائی ہے، وہ بھی سب کے سامنے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ان کا وزیراعلٰی ہاؤس چھوڑنے کا ارادہ نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ باعزت طریقہ تو یہی تھا کہ آئینی مدت پوری ہونے کے ساتھ ہی وزارت اعلٰی چھوڑ دیتے اور صرف نگراں وزیراعلٰی کی مشاورت تک محدود رہتے۔ ہم آئین کے مطابق چل رہے ہیں، اب ایسا نہیں ہے کہ ہم قدوس بزنجو صاحب کیلئے نیا آئین بنا دیں۔ اگر قدوس بزنجو صاحب تاحیات وزیراعلٰی بننا چاہتے ہیں تو 2018ء کے انتخابات کا انتظار کریں۔ اگر وہ 25 جولائی کو دو تہائی اکثریت لیکر آتے ہیں تو پھر اسمبلی میں جائیں اور کہیں کہ ہم آئین میں بلوچستان کیلئے خصوصی ترمیم کرنا چاہتے ہیں، تاکہ قدوس بزنجو صاحب تاحیات وزیراعلٰی رہے۔ کیونکہ یہاں پر دوسرے تمام لوگ نا اہل بیٹھے ہیں اور کوئی بھی صوبہ چلانے کا اہل نہیں۔ ہم عزت کے ساتھ وزیراعلٰی ہاؤس گئے اور عزت کے ساتھ چھوڑ گئے۔ وزیراعلٰی ہاؤس کو اس طرح چھوڑنا بھی دل گردے والا کام ہے۔ چیف جسٹس سے ہماری اپیل ہے کہ وہ از خود نوٹس لیں کہ کیوں میر عبدالقدوس بزنجو تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close