اسلام آباد

لاہور میں دھماکہ افسوسناک ہے، میری پریس کانفرنس انتہائی اہم تھی لیکن اس موقع پر سیاسی بات کرنا مناسب نہیں، چوہدری نثار

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اہم ترین پریس کانفرنس لاہور میں دھماکے کے بعد ملتوی کردی ۔ان کا کہنا ہے کہ میری پریس کانفرنس انتہائی اہم تھی لیکن لاہور میں دھماکے کے بعد سیاسی بات کرنا مناسب نہیں ۔پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ بہت سے معاملات اور مسئلے ایسے ہیں جو چھپے ہوئے نہیں ،گزشتہ چند روز بڑے کرب میں گزرے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کل جسمانی طور پر اس پوزیشن میں نہ تھا کہ پریس کانفرنس کر سکوں ،آج بھی میری صحت صحیح نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری پریس کانفرنس سے قبل لاہور میں دھما کہ ہو گیا جس کے بعد میں اس حالت میں نہیں ہوں کہ سیاسی معاملات پر بات کروں حالانکہ طبیعت خراب ہونے کے باوجود میں 2 بجے ہی پریس کانفرنس کے مقررہ مقام پر آگیا تھا اور چاہتا تھا کہ جلد ہی 5 بجیں اور خود کو اور آپ سب کو اس کرب سے نکالوں لیکن یہ نہیں ہو سکتا کہ لوگ دہشتگرد حملے میں مر رہے ہوں اور اس ملک کا وزیر داخلہ سیاسی معاملات لے کر بیٹھ جائے، سیاسی معاملات پر کل یا پرسوں بھی بات ہو سکتی ہے، ابھی ہماری ساری توجہ زخمیوں کے علاج معالجے اور شہداءکے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی پر مرکوز ہے، ابھی یہ بھی جاننا باقی ہے کہ کیا یہ کوئی دہشتگرد حملہ تھا یا کچھ اور تھا تاہم جلد ہی صورتحال واضح ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں زیادہ تر سیکیورٹی اہلکار شہید اور زخمی ہوئے‘ چودھری نثار نے متاثرین کے اہلِ خانہ سے اظہارِ ہمدردری کرتے ہوئے ان کے غم میں شریک ہونے کا اظہار کیا۔ چودھری نثار نے مزید کہا کہ کہ سیاسی معاملات پر کل یا پرسوں بھی بات ہوسکتی ہے‘ میں اس معاملے کو منسوخ نہیں کررہا بلکہ ملتوی کررہاہوں‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہت کچھ آپ لوگوں کے ساتھ شیئر کرنا تھا‘ فی الحال قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close