اسلام آباد

حضرت امام حسینؓ کا یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا گیا

اسلام آباد: ملک بھر میں نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور انکے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کیلئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں ’یوم عاشور‘ مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا۔ اس مناسبت سے عزاداروں نے ملک بھر کے مرکزی امام بارگاہوں سے جلوس برآمد کیے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے منزل مقصود پر اختتام پذیر ہوئے۔
لاہور میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پزیر ہوا جب کہ کراچی میں بھی محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے تھے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں موبائل فون سروس 8 ، 9 اور 10 محرم الحرام کو صبح سے شام تک معطل رکھی گئی تھی جو اب مکمل طور پر بحال ہوچکی ہے۔
امن وامان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کے ساتھ پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حساس مقامات پر تعینات رہے۔ لاہور، کراچی، پشاور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد رہی جبکہ جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے۔ اس کے علاوہ صوبائی، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول رومز بھی قائم کئے گئے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close