اسلام آباد

عدالتی فیصلوں کی کوئی اہمیت نہیں، وزیراعظم نے اپنے ہی ملک کی عدالتوں کیخلاف ایسا بیان دیدیا کہ جان کر ہر شہری پیج و تاب کھائے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عام انتخابات آنے والے ہیں جس میں سیاستدانوں کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے، وزیراعظم کا کرک میں نیشپا تیل و گیس اور ایل پی جی منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ منصوبے سے او جی ڈی سی ایل کو سالانہ 60 ارب روپے کی آمدنی ہوگی، منصوبے میں 42 ارب روپے کی رائلٹی ادا کی جاچکی ہے، امید ہے منصوبے سے مقامی آبادی کو گیس کی فراہمی بہتر ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ تیل و گیس منصوبے پر 20 ارب روپے لاگت آئی ہے، جبکہ منصوبے سے پیدا ہونے والی گیس کی مالیت سالانہ 7 ارب روپے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت آئی تو ملک میں گیس اور بجلی کا بحران تھا، یہاں پیدا ہونے والی گیس کا زیادہ حصہ ضائع ہو رہا تھا، سارے کام رکے ہوئے تھے، لیکن آج صورتحال بہتر ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، لیکن آج پاکستان اضافی بجلی پیدا کر رہا ہے، لائن لاسز والے علاقوں میں مجبوراً لوڈشیڈنگ کرنا پڑ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت آئی تو ملک میں 500 کلومیٹر موٹروے تھا، 500 کلومیٹر موٹروے بھی (ن) لیگ نے بنایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج 1700 کلومیٹر موٹروے بن رہا ہے، پاکستان کو مشکلات سے نکال کر ترقی کے راستے پر ڈال دیا گیا ہے۔ کرک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ نواز شریف کا وژن تھا، جسے پورا کیا جا رہا ہے، یہ سب کام پچھلی حکومتیں بھی کرسکتی تھیں لیکن کسی نے بھی ان معاملات کو سدھارنے کیلئے نہیں سوچا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج عدالتوں میں جو فیصلے ہو رہے ہیں ان کی کوئی حیثیت نہیں ہے، عام انتخابات آنے والے ہیں اور فیصلہ عوام کو کرنا ہے کہ وہ ترقی کو ووٹ دینا چاہیں گے یا گالیاں دینے والوں کو ووٹ دیں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کرک میں انڈس ہائی وے کی دو سڑکوں کو مکمل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کرک میں ویمن یونیورسٹی کیمپس بھی بنایا جائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close