Featuredاسلام آباد

بھارت کشمیر پر اپنے قبضے کو جائز قرار دینے کیلئے مظالم کررہا ہے: صدر، وزیراعظم

اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر پر بھارتی جارحیت کے 71 برس مکمل ہونے کے موقع پر یوم سیاہ پر جاری پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت کشمیر پر اپنے قبضے کو جائز قرار دینے کیلئے مظالم کررہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر پر بھارتی جارحیت کے 71 برس مکمل ہونے پر کشمیری یوم سیاہ منارہے ہیں اور اس حوالے سے اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 27 اکتوبر جموں و کشمیر کی تاریخ میں تاریک دن ہے، بھارت نے بین الاقوامی قانون کو روندتے ہوئے جموں و کشمیر پر قبضہ کیا، بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر پر اپنا غیر قانونی تسلط جمائے ہوئے ہے، اپنے قبضے کو جائز قرار دینے کیلئے مظالم کررہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ بھارت کی غاصبانہ پالیسیوں کا اعتراف ہے، یو این کمیشن آف انکوائری کے قیام کی سفارشات پر فوری عمل ضروری ہے، کشمیر میں ہلاکتوں میں اضافہ فوری کارروائی کا متقاضی ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ کشمیرکے شجاع، دلیر اور حوصلہ مندعوام دنیا بھر کی حمایت وتحسین کےمستحق ہیں، کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔

صدر مملکت عارف علوی کا پیغام

دوسری جانب صدر مملکت کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ سلامتی کونسل اپنی قراردادوں میں کشمیریوں کے حق استصواب رائے کا فیصلہ دے چکی ہے، بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو طاقت کے ذریعے نہیں دبا سکتا۔

صدر مملکت نے کہا کہ بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سری نگر میں اپنی فوجیں بھیجیں، بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ آج تک جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی رپورٹ کی سفارشات کی مکمل حمایت کرتا ہے اور کشمیریوں کی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close