Featuredاسلام آباد

امیگریشن فہرست میں اسرائیل کا نام شامل کرنے پہ وزارت داخلہ جوابدہ ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا اور اسرائیلی شہریوں کو پاکستان آمد کی مشروط اجازت دینے سے متعلق لسٹ کے بارے میں وزارت داخلہ جوابدہ ہے۔ دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ترک صدرکی دعوت پر دو روزہ دورے پر ترکی روانہ ہوئے ہیں، ان کے ہمراہ اعلی سطح کا وفد بھی ہے، وزیراعظم ترک حکام سے وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔ وزیرخارجہ نے افغان مفاہمتی عمل پر ہمسایہ ممالک کو اعتماد میں لیا، انہوں نے پاکستان کی سہولت کاری بارے بھی آگاہ کیا، ہمسایہ ممالک نے افغان فریقین کے باہمی روابط کی پاکستانی تجویز کی حمایت کی ہے، وزیر خارجہ نے دورہ قطر کے دوران دوطرفہ تعلقات پربات کی، وزیراعظم عمران خان بھی جلد قطر کا دورہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کا مقدمہ اس وقت عدالت میں ہے، اس حوالے سے خبریں حقائق کے برعکس ہیں، ہم عدلیہ کے احترام میں اس پر تبصرہ نہیں کریں گے۔ اسرائیلی شہریوں کو پاکستان آمد کی مشروط اجازت دیئے جانے سے متعلق خبروں پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا، اس حوالے سے لسٹ کے بارے میں وزارت داخلہ جوابدہ ہے۔ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ ہم امریکا سے بہترتعلقات کے قیام کے خواہاں ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کا آج کا بیان 2018ء کے ٹویٹ میں تبدیلی ہے، ہم اس مثبت پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے جرمن سفیر کی جانب سے پاکستان کے مسائل پر ٹویٹس پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان ویانا کنونشن کا مکمل احترام کرتا ہے، جرمن سفیر متعلقہ حکام کو بتا کر سفر کرتے ہیں، جرمن سفیر متعلقہ حکام کو بتا کر سفر کرتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے عام انتخابات میں حسینہ واجد کی دوبارہ کامیابی کا خیر مقدم کرتا ہے، توقع ہے کہ 1974 کے سہہ فریقی معاہدے کے تحت مثبت انداز میں آگے بڑھیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام مسائل پر مذاکرات کی بات کرتا ہے ، ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی پر قائم مقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج کیا گیا ہے، بھارت اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو لائن آف کنٹرول کے علاقوں میں جانے کی اجازت دے۔ سرجیکل اسٹرائیکس کبھی نہیں ہوئیں، بھارتی میڈیا خود بھی بھارتی دعوے کی نفی کر چکا ہے۔ بھارتی ڈرونزکی پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستانی فورسز متحرک اور ہوشیار ہیں، پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑجواب دے گا، فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر دونوں ڈرونزمار گرائے گئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے یمن میں ایک ہزار پاکستانی فوجی بھیجنے کی خبروں کی تردید کر دی، انہوں نے کہا کہ امریکی اخبار میں شائع ہونے والی خبر کو مسترد کرتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ مصر میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی بھر پور کوشش کی جا رہی ہے،ان پاکستانیوں کو کھانا وغیرہ سفارتخانہ فراہم کر رہا ہے، اس حوالے سے جلد خوش خبری سننے کو ملے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close