کشمیر

اسرائیل کا اعلیٰ سطحی فوجی وفد مقبوضہ کشمیر میں موجود

جموں کشمیر: اسرائیل کے اعلٰی فوجی کمانڈر کی قیادت میں ایک وفد نے ادھم پور جموں میں قائم بھارتی فوج کی شمالی کمان کا دورہ کرکے سینئر فوجی افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ اسرائیلی کمانڈر کے ہمراہ ان کی اہلیہ کے علاوہ نئی دہلی میں قائم اسرائیلی سفارتخانے کے سینئر اہلکار بھی تھے۔ بھارت کے دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اسرائیلی فوج میں ’’گراؤنڈ فورسز کمانڈ‘‘ کے سربراہ میجر جنرل یاکو براک کی قیادت میں ایک وفد جموں پہنچ گیا اور ادھم پور میں بھارت فوج کی شمالی کمان کا تفصیلی دورہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوجی کمانڈر نے شمالی کمان میں تعینات فوج کے سینئر اور اعلیٰ اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کی۔ میجر جنرل براک کے ساتھ ان کی اہلیہ اوریٹ براک اور دہلی میں قائم اسرائیلی ہائی کمیشن سے وابستہ کئی اعلٰی اہلکاروں نے بھی شمالی کمان کا دورہ کیا۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ مہمان میجر جنرل نے شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف لیفٹنٹ جنرل دیوراج انبو سے ملاقات کی جس دوران مشترکہ دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔
اس سلسلے میں فوج کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی وفد نے بھارت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے اشتراک کو فروغ دینے پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ بیان کے مطابق اسرائیلی فوج کے میجر جنرل کی اہلیہ اوریٹ براک نے لیفٹنٹ جنرل دیو راج انبو کی اہلیہ اور آرمی وائیوز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی علاقائی صدر گوری انبو کے ہمراہ ادھم پور میں آشا اسکول کا دورہ بھی کیا۔ کے ایم این کے مطابق اسرائیلی فوج سے وابستہ سینئر افسران ماضی میں بھی بھارت بالخصوص مقبوضہ کشمیر کے دوروں پر آتے رہے ہیں، جس دوران وہ کشمیری مظاہرین سے نمٹنے کی حکمت عملی کے بارے میں مقامی فوجی کمانڈروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہیں، ان دوروں کو عمومی طور صیغہ راز میں رکھا جاتا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close