خیبر پختونخواہ

ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ، 3 اہلکار شہید

پشاور میں حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کی فائرنگ میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے تین اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی صبح پشاور کے علاقے رنگ روڈ پر پتنگ چوک کے مقام پر فقیر آباد پولیس سٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔

فقیر آباد پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار ناصر خان نےبتایا کہ ایف سی اہکار امیر بادشاہ لال دین کالونی میں واقع اپنے گھر سے ایف سی ہیڈ کوارٹر جارہے تھے کہ اس دوران مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

انھوں نے کہا کہ حملے میں افسر سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں جن میں محافظ اور ڈرائیور شامل ہیں۔

پولیس اہلکار کے مطابق اس واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچی اور سارے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ اور آس پاس کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی کا عمل شروع کیا ہے۔

اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔

خیال رہے کہ پشاور اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول قبائلی علاقوں میں گذشتہ دو مہینوں سے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

زیادہ تر واقعات میں سرکاری اہلکار بالخصوص پولیس اور اہل تشیع فرقے کے افراد نشانہ بنائے گئے ہیں۔

پشاور شہر میں حالیہ دنوں میں پولیس اہلکاروں کو دن دہاڑے ہدف بنا کر قتل کرنے کے کئی وقعات پیش آچکے ہیں تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے ان واقعات کو روکنے میں بظاہر ناکام نظر آرہی ہے۔

ان واقعات کی ذمہ داری کالعدم تنظیموں کی طرف سے وقتاً فوقتاً قبول کی جاتی رہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close