پنجاب

سویلینز کے کیس ملٹری کورٹس میں پہلے بھی چلتے رہے ہیں: فیاض چوہان

پی ٹی آئی کے دور میں 27 سویلینز کے مقدمات ملٹری کورٹ میں چلے

 راولپنڈی: اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ ملٹری کورٹس سے متعلق غلط بیانی کر رہے ہیں

استحکامِ پاکستان پارٹی کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ اس وقت قوم کو گمراہ کر رہے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سویلینز کے کیس ملٹری کورٹس میں پہلے بھی چلتے رہے ہیں، اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ ملٹری کورٹس سے متعلق غلط بیانی کر رہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے 9 مئی سے متعلق جامع پریس کانفرنس کی، اس پریس کانفرنس پر پی ٹی آئی کی طرف سے منفی مہم چلائی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ملٹری کورٹس پر 2 لوگ اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ میڈیا میں چیئرمین پی ٹی آئی کے چیف پیٹرن بنے ہوئے ہیں، یہ وہی اعتزاز احسن ہیں جنہوں نے پیپلز پارٹی کے دور میں سکھوں کی فہرستیں بھارت کو دیں، انہوں نے قوم کو درس دیا تھا کہ ریاست ہو گی ماں کے جیسی، اُس وقت پوری قوم اور وکلاء اعتزاز کے جھانسے میں آئے، وکلاء تحریک کے 6 ماہ بعد اعتزاز احسن نے قوم سے معافی مانگی۔

ان کا کہنا ہے کہ اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ کی پہچان پیپلز پارٹی اور بھٹو خاندان ہے، جو بھٹو خاندان کا اور پارٹی کا وفادار نہیں وہ قوم کا وفادار کیسے ہو سکتا ہے؟ اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ پہلے پارٹی چھوڑیں پھر قوم کو وفا کا درس دیں۔

آئی پی پی رہنما فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور میں 27 سویلینز کے مقدمات ملٹری کورٹ میں چلے، ان کے دور میں ایک نوجوان نے آرمی چیف کو خط لکھا اس پر کیس چلایا گیا جبکہ آرمی ایکٹ میں لکھا ہوا ہے کہ جو آرمی تنصیبات پر حملے کرے گا، اس کا کیس فوجی عدالت میں چلے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پلاننگ کے ساتھ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا ملٹری کورٹ پر غلط بیانی کر رہا ہے، ان کی سوشل میڈیا ٹیم باہر بیٹھ کر غیر ملکی آقاؤں کے حکم پر ٹرینڈ چلاتی ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کے بعد ٹرینڈ چلائے جا رہے ہیں، سوشل میڈیا ٹرینڈ چلانے والوں کو کوئی احساس نہیں کہ انہوں نے ملک کے ساتھ کیا ظلم کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ کیا اعجاز چوہدری کو کسی نے کنپٹی پر گن رکھ کر جناح ہاؤس بھیجا تھا، گاڑی پر کھڑے ہو کر حسان نیازی وردی دکھا کر نعرے لگا رہا تھا، میں گواہ ہوں پی ٹی آئی واٹس ایپ گروپوں میں 9 مئی کے دن کیا چل رہا تھا۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ اس دن فوج اور ایجنسیوں کے افسران کے ایڈریس واٹس ایپ گروپوں میں شیئر کیے گئے، ایک ایک چیز ویڈیوز میں محفوظ ہے، اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ پھر بھی قوم کو گمراہ کر رہے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close