پنجاب

ہمارا بیانیہ عوام کے دلوں میں گھر کرچکا ہے، نواز شریف

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ووٹ کے تقدس کا پیغام ملک کے کونے کونے میں لے کر جائیں گے اور ہمارا بیانیہ عوام کے دلوں میں گھر کر چکا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ لودھراں میں شاندار کامیابی پر اللہ کے شکر گزار ہیں، دل چاہتا ہے کہ لودھراں جاکر عوام کا شکریہ ادا کروں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ لودھراں ضمنی انتخاب جیسا نتیجہ عوام نے دیا، ایسا کوئی سوچ سکتا تھا، مخالفین کو سوچنا چاہیے کہ انہوں نے گالی اور الزام تراشی کی سیاست کر کے لوگوں کو خراب کیا ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ووٹ کا تقدس ہونا چاہیے، 22 کروڑ عوام کے مینڈیٹ کی تضحیک نہیں ہونی چاہیے جب کہ اس حوالے سے ہمارا بیانیہ عوام کے دلوں میں گھر کر چکا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ووٹ کا احترام نہیں رہا اسے بحال اور قائم کرنا ہے، ووٹ کا احترام ہوگا تو ملک آگے بڑھے گا، تمام طبقوں کو ووٹ کا احترام کرنا چاہیے۔

نواز شریف نے کہا کہ ہم خلوص سے ملک کی خدمت کر رہے تھے لیکن بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے نااہل اور جھوٹا قرار دے دیا گیا جب کہ جھوٹ اور منافقت کی سیاست کرنے والوں کو صادق اور امین قرار دے دیا گیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ انصاف کی کرسی پر بیٹھے لوگ اللہ کے حضور کیا جواب دیں گے اور انہیں  سب سے زیادہ جواب دہ ہونا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close