پنجاب

پاکستان کے عوام کو مختلف بنیادوں پر گروہوں میں تقسیم کرکے قوم بننے سے روکا جا رہا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

رحیم یار خان: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے رحیم یار خان میں ڈسٹرکٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالم استکبار کی تمام تر توجہ پاک چین اکنامک کوریڈور کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے پر مرکوز ہے، سی پیک منصوبہ پاکستان کی خوشحالی و استحکام اور دنیا بھر میں چین کی اقتصادی برتری کا سبب بنے گا، اس گیم چینجر کو امریکہ اپنے مفادات کے لئے شدید ترین نقصان دہ سمجھتا ہے، سی پیک منصوبے میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے لئے امریکہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، جس کی تکمیل کے لئے کالعدم مذہبی جماعتوں، علیحدگی پسند گروہوں اور دیگر ملک دشمن عناصر کو استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ارض پاک کو اندرونی خلفشار کا شکار کرنے کے لئے داخلی و خارجی محاذ کھولے جاچکے ہیں، ایک طرف بھارت اور افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں تو دوسری جانب ملک کے عوام میں مذہبی، مسلکی، لسانی اور صوبائی تعصبات سمیت مختلف طریقوں سے نفرتوں کا پرچار کیا جا رہا ہے، پاکستان میں لاقانونیت، عدم تحفظ کے احساس کے فروغ کا بنیادی مقصد معاشرتی اقدار کی پامالی ہے۔ پاکستان کے عوام کو مختلف بنیادوں پر گروہوں میں تقسیم کرکے قوم بننے سے روکا جا رہا ہے۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ ہمارے دشمنوں کو اس بات کا ڈر ہے کہ پاکستان کی عوام اگر ایک قوم بن گئی تو پھر کوئی بھی طاقت اس قوم کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکے گی، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر تقی، ضلعی سیکرٹری جنرل سید حسنین بخاری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close