پنجاب

اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے، بیگناہ خون ایک نہ ایک دن ضرور بولتا ہے، خرم نواز گنڈاپور

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے لاہور میں عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثناء سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ایک بھیانک کردار ہے، نوکری پکی کرنے کیلئے شریفوں کے کہنے پر بطور وزیر قانون قتل عام کی منصوبہ بندی کی اور اقتدار کے آخری دن تک شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ حقائق چھپاتے رہے، نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کی اپیل کو مان کر مظلوموں کی داد رسی کی گئی جس پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور لارجر بنچ کے جملہ ممبران کے شکر گزار ہیں، سپریم کورٹ کے فلور پر حکومت کا کردار ہمدردانہ اور انصاف دوست نظر آیا، ہم صرف غیر جانبدار تحقیق چاہتے ہیں جو سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں آج کے دن تک نہیں ہوئی۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شہباز دور حکومت میں بننے والی دونوں جے آئی ٹیز ریموٹ کنٹرول تھیں، یہ جے آئی ٹیز حقائق مسخ کرنے کیلئے اور مرکزی کرداروں کو کلین چٹیں دلوانے کیلئے قائم کی گئی تھیں، ان جے آئی ٹیز کا جو مینڈیٹ تھا انہوں نے وہی کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز حکومت براہ راست سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث نہ ہوتی تو قتل عام کے ذمہ دار کیفر کردار تک پہنچ چکے ہوتے، آج کے دن تک کسی ملزم کو سزا نہیں ملی تو اس کی وجہ سابق حکمران تھے جنہوں نے غلط تفتیش کروا کر کیس کو داخل دفتر کرنے کی منصوبہ بندی کی مگر اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے اور بیگناہ خون ایک نہ ایک دن ضرور بولتا ہے، جس طرح غیبی طاقت نے پاناما لیکس کے ذریعے پاکستان کے کرپٹ ترین خاندان کو اس کے انجام تک پہنچایا اسی طرح سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بہنے والا غریبوں اور کمزوروں کا خون بھی قاتل ٹولے کو اس کے اصل انجام تک پہنچائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close