سندھ

پی ٹی آئی کی قیادت نے کارکنوں کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی

پی ٹی آئی رہنما نے عوام سے گھروں سے باہر نکلنے کی اپیل کی اور گرفتاری کو عدلیہ پر حملہ قرار دے دیا

کراچی: عمران خان کی گرفتاری پر مختلف شہروں میں احتجاج، سڑکیں بند، پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئی۔

پی ٹی آئی قیادت کی کال پر مختلف شہروں میں کارکنوں کی جانب سے احتجاج شروع ہوگیا۔ پنجاب اور کے پی میں مختلف شہروں میں کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑکیں بلاک کردیں جس سے عوام پریشانی کا شکار ہوگئے۔

پی ٹی آئی رہنما چوہدری فواد حسین نے عوام سے گھروں سے باہر نکلنے کی اپیل کی اور گرفتاری کو عدلیہ پر حملہ قرار دے دیا۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور قوم کے رہنما عمران خان کی عدالت کے احاطے سے گرفتاری آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے، یہ ملک اس قسم کے فاشزم کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا، قوم کو اٹھنا ہوگا، اس ملک کو بند کرنے کا وقت آگیا ہے۔

تحریک انصاف کراچی کے کارکنوں ںے شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی بند کردی جس کے سبب گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، کارکنوں اور شہریوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

بعدازاں پولیس شارع فیصل کھلوانے پہنچی جہاں پولیس کی جانب سے مظاہرین پر شیلنگ بھی کی گئی۔

لاہور جی پی او چوک پر وکلا کی طرف سے احتجاج شروع ہوگیا۔ وکلا نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔  سڑک بند ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

پشاور بھر میں عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا گیا، تاجروں نے دکانیں بند کردیں، تمام بازار وقت سے قبل بند کردیے گئے، دکان داروں نے شٹر ڈاؤن کردیے۔

خیبر پختون خوا میں پی ٹی آئی کارکنوں نے ہشت نگری کے مقام پر جی ٹی روڈ کو بند کردیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے بی آر ٹی بسیں روک دیں جس سے جی ٹی روڈ پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیا۔

تحریک انصاف ورکرز نے چارسدہ چوک پر احتجاج کرتے ہوئے اسے ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ کارکنوں نے روڈ بند کرنے کے ساتھ ساتھ فائرنگ بھی کی۔

باجوڑ میں کارکنان نے خار بازار میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے ٹائر جلائے جب کہ ان کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

پی ٹی آئی کارکنان نے سوات اور مینگورہ سمیت مختلف علاقوں میں احتجاج کیا۔ کارکنان نے مختلف چوکوں پر ٹائر جلا کر سڑک کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کردیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی، احتجاج سے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close