سندھ

ایم کیو ایم سے بے دخل سلمان بلوچ پی ایس پی میں شامل

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی جانب سے پارٹی ضوابط کی خلاف ورزی پر پارٹی کی بنیادی رکنیت سے محروم ہونے والے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ نے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کے ہمرا پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

سلمان مجاہد بلوچ نے کہا کہ فاروق ستار کو نہ چاہتے ہوئے بھی ایم کیوایم پاکستان کا سربراہ تسلیم کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان نے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رکھا ہے۔

یاد رہے کہ ایم کیوایم پاکستان نے رواں سال 20 اکتوبر کو اپنے ہی رکن اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کی پارٹی کی بنیادی رکنیت خارج کردی تھی۔

ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ رابطہ کمیٹی نے تنظیمی ڈسپلینری کمیٹی کی سفارش پر رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کو تنظیمی نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزیوں کی بنیاد پر بنیادی رکنیت سے خارج کردیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ سلمان مجاہد کا اب ایم کیو ایم پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اس موقع پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی میں شامل ہونے والوں کا سلسلہ رکا نہیں بلکہ جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلی کانفرنس کے بعد ایم کیوایم سمیت دیگر جماعتوں کے کارکنوں کے علاوہ دیگر عام افراد بھی مسلسل ہمارے پاس آرہے ہیں جس کا مطلب ہے کہ حق کی جیت ہورہی ہے اور باطل مٹ رہا ہے۔

پی ایس پی سربراہ نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان نے چائناکٹنگ کرکے اپنی پارٹی بنائی اور اب ایم کیوایم کے جلسوں میں کونسلرز بھی پورے نہیں آرہے۔

سابق میئر کراچی نے دعویٰ کیا کہ موجودہ میئرکراچی کو ساڑھے 5 ارب روپے ملے ہیں لیکن ان سے پوچھو تو ایک اسکیم نہیں بتاسکتے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کے معاملے پر حکومت کوٹھوس قدم اٹھانا چاہیے کیونکہ دین کی بات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اورحکومت دباؤ کا انتظار کیے بغیر فوری طورپراقدامات کرے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close