سندھ

عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ کراچی میں ادا، آرمی چیف سمیت ہزاروں افراد کی شرکت

محسن انسانیت عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے، جس میں صدر مملکت اور آرمی چیف سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق عبدالستار ایدھی کی میت کو پہلے سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے سے میٹھادر میں ان کی رہائش گاہ منتقل کیا گیا، جہاں ان کے اہل خانہ نے انکا آخری دیدار کیا، جس کے بعد قومی ہیرو کے جسد خاکی کو وی آئی پی پروٹوکول میں لیاری ایکسپریس وے کے ذریعے نیشنل اسٹیڈیم پہنچایا گیا۔ عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ظہر کی نماز کے بعد ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں پاک فوج کی جانب سے 19 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔ عبدالستار ایدھی کی وصیت کے مطابق ان کی ایدھی ولیج میں تدفین کی جائے گی، جبکہ اس سے قبل انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔

عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ میں صدر مملکت ممنون حسین، جنرل راحیل شریف سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی رینجرز سندھ، کور کمانڈر کراچی، گورنر و وزیراعلیٰ سندھ، چیئرمین سینیٹ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت ایم کیو ایم، تحریک انصاف، جماعت اسلامی، اے این پی کے رہنماؤں اور دیگر سیاسی و کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عبدالستار ایدھی کے انتقال پر کراچی کی تاجر تنظیموں نے یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے، جبکہ انجمن تاجران حیدرآباد نے بھی آج کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج تمام سینما گھر بھی بند رہیں گے، جبکہ سینما گھروں پر آویزاں پوسٹرز بھی ڈھانپ دیئے گئے ہیں۔

عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے اپنے والد کی نماز جنازہ پڑھانے کے لئے مفتی منیب الرحمان سے درخواست کی تھی، تاہم مفتی منیب الرحمان نے شہر میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے نماز جنازہ پڑھانے سے معذرت کر لی۔ ان کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی نے لاوارث اور محتاج لوگوں کے لئے بے مثال خدمات انجام دیں، جہاں بھی کوئی حادثہ پیش آتا، ایدھی صاحب وہاں پہنچ جاتے تھے، ایدھی صاحب کی نماز جنازہ پڑھانے کی درخواست ملی تھی، لیکن کل رات ہی ایبٹ آباد پہنچا ہوں، اس لئے ظہر تک واپسی ممکن نہیں۔ مفتی منیب الرحمان کی جانب سے معذرت کے بعد مولانا احمد نیازی نے قومی ہیرو کی نماز جنازہ پڑھائی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close