Featuredسندھ

دفاعی نمائش؛ پاکستان میں تیار حربی سامان دیکھ کر غیر ملکی دنگ رہ گئے

ایکسپو سینٹرمیں جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018کے دوسرے روز گہما گہمی رہی ،پاکستان ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا،پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس سمیت مقامی سطح پر دفاعی نمائش میں شامل ایگزی بیٹرز کے اسٹالز پر رش رہا۔

ایکسپو سینٹر کے احاطے میں رکھے گئے پاکستانی ساختہ الخالد،الضرار،الحدید ٹینکس جبکہ ڈرون ٹیکنالوجی شہپر ،براق اور عقاب سمیت جے ایف سیونٹین تھنڈراورسپر مشاق طیاروں پر بھی غیر ملکی مندوبین اور عسکری قیادت کی جوق درجوق آمد کا سلسلہ جاری رہا،پاکستانی انجینیئرزکی جانب سے مینول سے خودکار سسٹم میں تبدیل کیا جانے والاپاکستانی ساختہ ایئرڈیفنس سسٹم بھی خصوصی توجہ کا مرکزرہا۔
دفاعی نمائش کے دوسرے روز وزیر دفاع پرویز خٹک،وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ علی زیدی،وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار سمیت دیگر اہم شخصیات نے ایکسپوسینٹر کے دورے کیے،نمائش کے دوسرے روز پاکستان آرمی اورنیوی کی جانب سے سروسز کانفرنسز کا بھی انعقاد کیاگیا، جس کے موضوعات میری ٹائم سیکیورٹی جبکہ خطے کے استحکام کے لیے افواج پاکستان کا کردار تھا۔

دفاعی نمائش کے دوران پاکستان اور ترکی کے درمیان 2مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے گئے،پہلا ایم اویو ایئریونیورسٹی اسلام آباد اور ترکی کی کمپنی ایس ٹی ایم ترکی فارسائبرسیکیورٹی اینڈ بگ ڈیٹا الیکٹرک اینڈ ائرواسپیس کے درمیان ہوا جبکہ دوسراایم اویو اگلے سال نومبر میں ہونے والی پانچویں ترکی پاکستان ایکسپو کے حوالے سے کیپیٹل ایگزی بیشن اور بدر ایکسپو کے درمیان ہوا، پاکستانی پویلین میں بنائے گئے تینوں مسلح افواج کے اسٹالز پر عسکری قیادت نے مختلف اوقات میں دورے کیے ۔

چیئر مین پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس ائیرمارشل احمد شہزاد کا اسٹال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ بیرون ممالک کی ایئر فورسز کے ساتھ مکمل روابط ہیں،جے ایف تھنڈر سمیت دیگر حساس آلات بھی بنارہے ہیں،کئی ممالک کے ساتھ پاکستان ایئر فورس کے ماضی میں معاہدے ہوئے ہیں۔

ڈائریکٹر مارکیٹنگ،ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا بریگیڈیئرنعمان کے مطابق 70کی دہائی میں دفاعی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سفرشروع کیا تھا،پاکستانی ساختہ ٹینک الخالد ون ورژن تیار کرکے پیش کیا جارہا ہے،الضرار ٹی ففٹی نائن سیریز کو دور جدید کے مطابق اپ گریڈ کیاگیا ہے۔

قصوہ اور الحدید کے نام سے لاجسٹک وہیکل بنائی گئی ہے،ناگہانی دہشت گردی سے نبردآزما ہونے کے لیے یہ تیار کیے گئے ہیں،کمرشل گاڑیوں کی ساخت کو متاثر کیے بغیر آرمڈ پروڈکٹ لگائی گئی،ان کا کہناتھا کہ عراق اور بحرین کو مختلف دفاعی سامان برآمد کیا گیا۔

پاکستان آرڈننس فیکٹری کے ڈائریکٹرایکسپورٹ عثمان علی بھٹی کے مطابق آئیڈیاز میں اسٹال لگانے کا مقصد جدید ہتھیاروں کو متعارف کروانا تھا ہمارے پاس اسمال آرم ایمونیشن، ایئر کرافٹ، اینٹی ایئر کرافٹ ، ٹینک اور اینٹی ٹٰینک ہتھیار دستیاب ہیں جو دور جدید کی تمام تر سہولیات اور جدت سے لیس ہیں، ان کے مطابق ان ہتھیاروں کی نمائش کا مقصد اپنے شہریوں کوبھی پاکستانی ہتھیاروں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات کو باور کرانا ہے کہ پاکستان دنیا بھر کے لگ بھگ 40 ممالک کو ہتھیار سپلائی کرتا ہے۔

نمائش میں شریک غیر ملکی مندوبین کے ساتھ ایم اویوز پر بات ہورہی ہے، ڈپی چیف آف نیول اسٹاف ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی کا پاک بحریہ کے اسٹال پر گفتگو میں کہناتھا کہ پاک بحریہ نے 1990میں ترقیاتی کام شروع کیا،اوراس دوران دفاعی ضروریات کے پیش نظر بڑے بحری جہاز بنائے،ان کا کہناتھا کہ ہمارا مستقبل بہت روشن ہے، 17ہزار ٹن کا فیول ٹینکرشپ یارڈ میں تیار کیا گیا۔

دفاعی نمائش میں بطور مبصر شریک یوکرین ڈیفنس انڈسٹری کے ایڈوائزر ٹو ڈائریکٹر جنرل آندرے ملاسکی کا ایکسپریس نیوزسے بات چیت میں کہناتھا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت دن بہ دن مضبوط اور مستحکم ہوتی جارہی ہے ،پاکستانی حربی آلات قیمت میں کم جبکہ بین الاقوامی معیار کے حامل ہیں۔

دفاعی نمائش میں50 سے زائد ممالک کے 262 سے زائد وفود شرکت کررہے ہیں۔ اس بار نمائش میں اسٹالز لگانے والوں کی تعداد ماضی کی آئیڈیاز سے زیادہ ہوگی، دفاعی نمائش میں522سے زائد کمپنیاں نمائش میں اپنی مصنوعات کو نمایاں کررہی ہیں،جن کا تعلق دنیا کے 52ملکوں سے ہے،321غیر ملکی کمپنیاں جبکہ 201پاکستانی کمپنیاں نمائش میں شریک ہیں۔

دفاعی نمائش میں شرکت کرنیوالے ممالک میں امریکا،اٹلی ، جرمنی، اردن، پولینڈ،روس ،جنوبی کوریا،یوکرائن سمیت دیگر ممالک کی کمپنیاں شامل ہیں،دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018اب تک سب سے بڑی عسکری نمائش ہے ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close